Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 05, 2024  
01 Rabi Al-Akhar 1446  

یہ ایک اور نو مئی کرنے جا رہے ہیں، حملے کو پاکستان پر حملہ تصور کریں گے، خواجہ آصف

ریڈ زون کے قریب کسی کو نہیں پھٹکنے دیں گے، عطاء تارڑ
اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2024 03:41pm

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دس سال کے بعد پی ٹی آئی نے وہی سازش اختیار کی ہے، 2014 میں بھی چینی صدر کی آمد پر دھرنا دیا گیا تھا۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے قریب کسی کو پھٹکنے بھی نہیں دیں گے۔

خواجہ آصف نے ہفتے کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلح جتھے ملکی وقار کو نشانہ بنانے کے درپے ہیں، افغان باشندے بھی اس جتھے کا حصہ ہیں، بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں دعوت دی گئی ہے، پہلے کبھی کسی نے اپنی پاکستانیت کو مشکوک نہیں کیا، یہ واحد جماعت ہے جو اپنی پاکستانیت کو مشکوک کررہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ جے شنکر کو دعوت دے رہے ہیں تو دلی میں جاکر جلسہ کریں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کل ہمارے لیفٹیننٹ کرنل اور پانچ فوجی جوان شہید ہوئے، ان کو ایس سی او کے بعد احتجاج کا کہا گیا، انہوں نے پہلے بھی چینی صدر کے دورے کے موقع پر دھرنا دیا تھا، یہ جو مرضی کر لیں، ہم حملے کو پاکستان پر حملہ تصور کریں گے، یہ اسلام آباد پر حملے کی تیاری کرکے آئے ہیں۔

’ریڈ زون کے قریب کسی کو نہیں پھٹکنے دیں گے‘

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور فیڈریشن کے خلاف سرکاری اسلحہ استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے یا مارچ کیوں کیے جا رہے ہیں؟ کیونکہ ان کو کبھی بھی پاکستان کی ترقی قبول نہیں تھی اور نہ ہے، ان کو مروڑ اٹھ رہے ہیں، ان کو رات کو نیند نہیں آتی۔

لاہور سمیت مختلف اضلاع میں بھی فوج طلب

وفاقی وزیر اطلات نے کہا کہ یہ وہی کام ہے، جو 2013 میں کیا گیا تھا، ہمارا طرز عمل کیا ہے کہ نواز شریف بنی گالا جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ملک کی خدمت کریں گے، پتا ہے کہ چین کے صدر آرہے ہیں لیکن پھر بھی 2014 میں دھرنے شروع ہو جاتے ہیں، چینی صدر کے دورے میں کئی ماہ کی تاخیر ہوئی، پاکستان کے لیے انہوں نے جو 64 ارب ڈالر کا تحفہ دینا تھا، وہ تاخیر سے آیا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ میں واضح انداز میں آپ کو بتا دوں کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کو سبوتاژ کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ کئی دہائیوں بعد 12 ملکوں کے سربراہان مملکت پاکستان میں آرہے ہیں، اسلام آباد کو سجایا جارہا ہے، جو باہر سے آئے، پاکستان کا اچھا امیج لے کر جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے، جس طرح 2014 میں دھرنے دے کر کی گئی تھی، اللہ کے فضل سے ریڈ زون کے قریب کسی کو نہیں پھڑکنے دیں گے، ایس سی او اچھے طریقے سے چلے گی، خوش اسلوبی سے چلے گی۔

’وزیراعلیٰ کے پی ساری لائنز کراس کر رہے ہیں‘، وزیر داخلہ نے سخت کارروائی کی وارننگ دیدی

عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس آنسو گیس لے کر آئی ہے، اس عوام کے ٹیکس کے پیسے کے کروڑوں روپے وہ پیٹرول پر خرچ ہو چکے ہیں، ان کے جلسوں میں جو نجی گاڑیاں ہیں، ان کا پیٹرول بھی سرکار ڈلواتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کل انہوں نے بھارتی وزیرخارجہ کو اپنے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے، ایس سی او کے اور ملک بھی ہیں، پتا نہیں باقی ملکوں کو مدعو کیوں نہیں کیا؟ باقی ممالک بھی آرہے ہیں، ان کو بھی دعوت دے دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پوری چڑھائی کرکے گئے، علیمہ خان، نورین خان، عظمیٰ خان کور کمانڈر ہاؤس کے باہر، بھانجے نے ڈنڈے پر وردی لٹکائی ہوئی ہے، او بھئی، گئے ہو مانوں اس بات کو۔

Khawaja Asif

4th October D Chowk Protest