Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

2014 کے پی ٹی آئی دھرنے کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ کا 3 رکنی بینچ 10 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔
شائع 05 اکتوبر 2024 11:43am

پی ٹی آئی کے 2014 کے دھرنے، حساس اداروں کی جانب سے شہریوں کی فون ٹیپنگ کرنے اور پنجاب کی عدالتوں میں ناقص سکیورٹی کے خلاف درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر۔ چیف جسٹس پر مشتمل تین رکنی بینچ 10 اکتوبر کو کیسز پر سماعت کرے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے 2014 میں اسلام آباد میں دھرنے، وفاقی حکومت کی جانب سے حساس اداروں کو شہریوں کے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے اور پنجاب کی عدالتوں کی ناقص سکیورٹی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم، جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس طارق ندیم پر مشتمل تین رکنی بینچ 10 اکتوبر کو کیسز پر سماعت کرے گا۔ پی ٹی آئی کے دھرنوں کے خلاف درخواست اپریل 2014 میں دائر کی گئی تھی جبکہ درخواست دائر کرنے والے وکیل ایڈوکیٹ اے کے ڈوگر بھی انتقال کر چکے ہیں۔

حساس اداروں کو شہریوں کے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کے خلاف درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کا حساس ادارے کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، عدالت موجودہ درخواست کے حتمی فیصلے تک مزکورہ نوٹیفکیشن پر کارروائی معطل کرنے کا حکم دے.

پنجاب کی عدالتوں کی ناقص سکیورٹی کے خلاف ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت دیگر کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب کی ضلعی عدالتوں میں آئے روز لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ پنجاب کی عدالتوں میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں دھرنوں اور لانگ مارچ کی سیاسی تاریخ میں 2014 میں پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کا دھرنا اپنے دورانیے کی وجہ سے اہم قرار دیا جاتا ہے۔

یہ دھرنا 126 دن جاری رہا تھا جس کا آغاز بھی ایک لانگ مارچ کی صورت میں لاہور سے 14 اگست کو ہوا اور 15 اگست اسلام آباد پہنچنے کے بعد 18 اگست کو عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں داخل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ 19 اگست کو عمران خان اور طاہرالقادری نے اپنے کارکنوں سمیت پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیا اور 30 اگست کو دھرنے کے شرکا کی پولیس سے اس وقت جھڑپ ہوئی جب انھوں نے مبینہ طور پر پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

پاکستان

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)