Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی چیف سے ملائیشین وزیر اعظم کی ملاقات، دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات پر تبادلہ خیال

ملائیشیا کے وزیر اعظم نے علاقائی امن و استحکام میں افواج پاکستان کے کردار کو بھی سراہا، آئی ایس پی آر
شائع 04 اکتوبر 2024 10:20am

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملائیشین وزیراعظم نے آرمی چیف کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت بھی دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم کی ملاقات میں دوطرفہ اسٹریٹیجک انٹرسٹ، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملائیشین وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

پاکستان اور ملائیشیا کا دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق

آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام میں افواج پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت بھی دی جبکہ آرمی چیف نے دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے کامیاب دورے کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دورے سے دونوں ممالک اور فوج کے درمیان پائیدار اور تاریخی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کے اعزاز میں منعقدہ سرمایہ کاری کی تقریب اور ضیافت میں بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ 3 اکتوبر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سیری انور ابراہیم 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

داتو سری انور ابراہیم اپنے 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو سلامی دی تھی جبکہ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی، اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پھول پیش کیے تھے۔

گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ون آن ون ملاقات ہوئی تھی، جس میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا تھا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

گزشتہ روز ہی صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو اسلامی امور کی حمایت اور پاکستان کے بہترین دوست ہونے کے اعتراف میں نشانِ پاکستان سے نوازا تھا۔

COAS

Malaysia

General Asim Munir

army cheif

Asim Munir

malaysian prime minister

Army Chief Asim Munir