Aaj News

جمعہ, اکتوبر 04, 2024  
29 Rabi ul Awal 1446  

110 لیٹر خون عطیہ کرنے والی ’بلڈ فیملی‘

جب تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے سے ملاقات ہوئی تو معلوم ہوا یہ سنگین بیماری ہے، شہری
شائع 04 اکتوبر 2024 10:09am
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

بھارت سے ایک ایسا خاندان سامنے آیا ہے جو پوری ذمہ داری کے ساتھ خون کا عطیہ کرتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ فیملی کا تعلق ریاست مدھیہ پردیش سے ہے جنہیں بلڈ فیملی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فیملی نے اب تک 220 مرتبہ خون عطیہ کیا جو کے تقریباً 110 لیٹر بنتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیملی کے 55 سالہ سربراہ سربجیت سنگھ نارنگ نے بتایا ہے کہ انہوں نے ابھی تک 161 مرتبہ خون کا عطیہ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ انہوں نے سنہ 1989 میں خون کا عطیہ دیا۔ اُن کی اہلیہ اور دو بچے ہیں۔ اہلیہ کا بلڈ گروپ نیگیٹیو بی ہے، جنہوں نے اب تک 22 مرتبہ خون کا عطیہ دیا ہے۔

سربجیت سنگھ نارنگ کے بڑے بیٹے سکھ نام سنگھ نارنگ نے 40 مرتبہ خون ڈونیٹ کیا جبکہ اُن کے 19 سالہ چھوٹے بیٹے سکھڑ سنگھ نارنگ نے 5 بار خون کا عطیہ دے چکے ہیں۔

خون کی عطیات کیوں شروع کی؟

سربجیت سنگھ نارنگ نے بتایا کہ ایک مرتبہ ان کی ملاقات تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے سے ہوئی۔ جب انہیں معلوم ہوا کہ تھیلیسیمیا ایک سنگین بیماری ہے جس میں خون کی بار بار ضرورت پڑتی ہے۔ بھارتی شہری کا کہنا تھا کہ گھر لوٹتے وقت یہ خیال میرے ذہن میں چلتا رہا۔ گھر پہنچتے ہی میں نے یہ بات اپنی بیوی سے شیئر کی۔ پھر، میں نے اپنے خاندان کے ساتھ یہ عہد کیا کہ ہم خون کا عطیہ دیتے رہیں گے۔ اس کے نتیجے میں، آج ہم نے مل کر 220 سے زیادہ مرتبہ خون کا عطیہ دیا ہے۔

سربجیت نارنگ کا مزید کہنا تھا کہ وہ کئی ایسے واقعات کے گواہ ہیں کہ لوگ اپنے خون کا عطیہ دیتے ہوئے ہچکچاتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب والدین کو خون کی ضرورت پڑتی ہے تو اولاد تک اپنے والدین کو خون دینے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔ وہ دبلے ہونے سے لے کر کمزور ہونے تک بہت سے بہانے بناتے ہیں اور خون کے لیے دوسروں سے رابطہ کرنے کا کہتے ہیں۔

آپ کو خون کا عطیہ کب دینا چاہیے؟ یہ کیوں اہم ہے؟

18 سے 65 سال کی عمر کے افراد خون کا عطیہ دے سکتے ہیں۔ ان کا کم از کم وزن 50 کلوگرام ہونا چاہیے۔ عطیہ کرنے والا صحت مند ہونا چاہیے اور ساتھ ہی وہ کسی سنگین مرض میں مبتلا نہ ہو۔ خواتین کو ماہواری یا حمل کے دوران خون کا عطیہ نہیں دینا چاہیے۔ جن افراد نے حال ہی میں سرجری کروائی، انہیں انفیکشن ہے یا انہوں نے سفر کیا ہے تو انہیں خون کا عطیہ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔

Blood Donation

blood family