Aaj News

جمعہ, فروری 21, 2025  
22 Shaban 1446  

جاپان : فعال ایئرپورٹ کے رن وے میں دبا دوسری جنگ عظیم کا بم پھٹ گیا

میازاکی ایئر پورٹ کے ٹیکسی وے میں گڑھا پڑگیا، 80 سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2024 08:49am

جاپان کے ایک ایئر پورٹ کے رن وے پر دوسری جنگِ عظیم کے دوران بظاہر امریکا کا پھینکا ہوا بم پھٹنے سے ٹیکسی وے میں گڑھا پڑگیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں جنوب مغربی جاپان کے میازاکی ایئر پورٹ پر 80 سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

زمین میں دبا ہوا بم پھٹنے سے کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ وزارتِ مواصلات کے حکام نے بتایا کہ جس وقت دھماکا ہوا تب وہاں قریب کوئی طیارہ نہیں تھا۔

سیلف ڈیفینس فورس اور پولیس نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ یہ دھماکا 500 پاؤنڈ وزمی بم کے پھٹنے سے ہوا۔ مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا ہے۔ اس امر کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ اتنی مدت سے وہاں پڑا ہوا بم اچانک کیسے پھٹ گیا۔

کیوشو نامی جزیرے پر واقع ایئر پورٹ کے رن وے پر دھماکے کی فوٹیجز بھی ریلیز کی گئی ہیں۔ یہ ایئر پورٹ 1943 میں جاپانی بحریہ کے اڈے کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ یہاں سے درجنوں کامی کازے یعنی خود کش مشن روانہ کیے گئے۔

ایئر پورٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پورے یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ یہ بم واقعی دوسری جنگِ عظیم کے دوران اتحادی افواج نے پھینکا تھا یا جاپانی فوج ہی نے یہاں دبایا تھا۔

ایک نزدیکی ایوی ایشن اسکول کی بنائی ہوئی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے سے رن وے کے ٹکڑے کسی فوارے کے مانند بلند ہوئے۔

JAPANI AIRPORT

WWii BOMB EXPLODES

TAXIWAY DAMAGED

MIYAZAKI