Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عظمیٰ بخاری کا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل

جیل میں بشریٰ بی بی کے بالوں کی تلاشی لی جاتی ہے، بیرسٹر سیف کا دعویٰ
شائع 01 اکتوبر 2024 12:49pm

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل میں بشریٰ بی بی کو بے جا تنگ کیا جا رہا ہے جس پر رد عمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے۔

بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کی جانب سے بشریٰ بی بی کے حوالے سے اہم دعویٰ کیا گیا ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر جیل میں قید بشریٰ بی بی کو تنگ کیا جارہا ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ایک باپردہ خاتون کی کیمروں کے سامنے تلاشی لے کر تضحیک کی جارہی ہے، رات کو نیند سے جگا کر سیل کی تلاشی کے بہانے ذہنی ٹارچر کر کے ان کے بالوں کی تلاشی بھی لی جاتی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ان کی اہلیہ کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بشریٰ بی بی عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہیں اور وہ ان کی طاقت بنی ہوئی ہیں۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کے دور حکومت میں خواتین پر ظلم کیا جارہا ہے، بزرگ خاتون کو بھی گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ مریم نواز اتنا ہی ظلم کریں کہ کل پھر برداشت بھی کرسکیں۔

بیرسٹر سیف کے بیان پرعظمی بخاری کا ردعمل

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشری بی بی کا پرانا شوق ہے، روزانہ خبروں میں رہنے کا یہ بہت بھونڈا طریقہ ہے، بشریٰ بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا یخنی پلاؤ، مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں، مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ان کے شوہر کی طرح بی کلاس کی سہولیات دی گئی ہیں، مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بشریٰ بی بی ان سب سے محفوظ ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل اور نیب کے عقوبت خانے میں جن حالات میں رکھا گیا یہ سب بشریٰ بی بی کی خواہش پر تھا، مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کرلیں لیکن کبھی عورت کارڈ استعمال نہیں کیا تھا، بشریٰ بی بی توشہ خانہ کے تحائف چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کی بندر بانٹ کرنے کے جرائم میں جیل میں قید ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان دونوں میاں بیوی کو جیل میں جو سہولیات میسر ہیں ایک عام شہری اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی وی آئی پی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں،آپ اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لیے روز اپنی گندی زبان سے مریم نواز کا نام مت لیا کریں۔

jail

bushra bibi

barrister saif

CM Punjab Maryam Nawaz