Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

بھارتی اداکار گووندا نے خود کو گولی مار لی

انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے
اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2024 12:40pm

بالی ووڈ اداکار گووندا نے اپنے ریوالور سے غلطی سے ٹانگ میں گولی مار لی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار اور شیوسینا کے رہنما گووندا کو اپنے ہی لائسنس یافتہ ریوالور سے غلطی سے ٹانگ میں گولی لگنے کے بعد آج علی الصبح اسپتال لے جایا گیا۔

ابرار الحق دوبارہ سیاست میں آئیں گے؟ گلوکار کا جواب

یہ واقعہ صبح تقریبا ساڑھے چار بجے اس وقت پیش آیا جب وہ باہر جانے سے پہلے ہتھیار رکھ رہے تھے۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق گووندا کو صبح ساڑھے پانچ بجے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

بھارتی رپورٹس کے مطابق ابتدائی اطلاعات سےمعلوم ہوا ہے کہ گولی ان کے گھٹنے میں لگی، جس کے بعد انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

ابھی تک گووندا کی فیملی اور ٹیم نے ان کی حالت کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔

گووندا کے منیجر ششی سنہا نے بھارتی میڈیا کو بتایا، ’اداکار اور شیوسینا لیڈر گووندا کولکتہ جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ وہ اپنا لائسنس یافتہ ریوالور رکھ رہے تھے کہ اچانک وہ ان کے ہاتھ سے گر گیا اور ایک گولی چلی جو ان کی ٹانگ میں لگی۔ ڈاکٹر نے گولی نکال دی ہے اور ان کی حالت ٹھیک ہے۔ وہ اس وقت اسپتال میں ہے۔

گولی لگنے سے زخمی ہونے والے اداکار گووندا نے اسپتال سے ویڈیو پیغام کے ذریعے بھی اپنے چاہنے والوں کو خیریت کا پیغام پہنچایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا نے ایک پیغام کے ذریعے اپنے مداحوں کی نیک تمنوں اور دعاوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی طبیعت سے انہیں آگاہ کیا۔

60 سالہ اداکار اور سیاسی رہنما نے اپنی جان بچنے کا سہرا اپنے والدین ، مداحوں اور اپنے گرو کی دعاوں کے سر سجایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ٹانگ میں کولی لگی تھی جسے اب آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا ہے

بھارتی رپورٹس کے مطابق پولیس صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر پہنچ گئی ہے اور انہوں نےگووندا کے ریوالور کو تحویل میں لے لیا ہے۔ فی الحال اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گووندا نے 2019 کے بعد سے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کی ہوئی ہے۔ لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب ناظرین ان کی نئی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کرتے تھے۔ 80 اور 90 کی دہائی میں ، وہ بالی ووڈ کے صف اول کے ستاروں میں سے ایک تھے۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان کے کیریئر میں زوال آنا شروع ہوگیا ان کی آخری کامیاب فلم پارٹنر تھی ، جو 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔

گووندا قلی نمبر 1، حسینہ مان جائے گی، ساجن چلے سسرال، راجا بابو، راجا جی، پارٹنر اور دیگر بلاک بسٹرکامیڈی فلموں کے لئے جانے جاتے ہیں۔ گووندا نے حال ہی میں 2019 میں بننے والی فلم ’رنگیلا راجا‘ میں کام کیا تھا، جس کی ہدایتکاری پہلاج نہلانی نے کی تھی۔ بدقسمتی سے ، یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی ، جسکے بعد گووندا نے اداکاری سے دوری اختیار کی ہوئی ہے۔

Celebrities

Bollywood

entertainment

lifestyle