Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حسن نصراللہ کی نماز جنازہ سے متعلق اہم اعلان، اسرائیل کو بم امریکا نے دیے

لبنان میں اسرائیل کے زمینی آپریشن کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2024 05:09pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید سربراہ حزب اللہ حسن نصراللہ کی نماز جنازہ غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔

حالیہ تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے لبنان پر شدید فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے اندر 216 فضائی حملے ہوئے، جن میں حزب اللہ کے تین کمانڈرز سمیت 105 افراد شہید اور 359 زخمی ہو گئے۔

لبنان میں اسرائیل کے زمینی آپریشن کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے سرحد پر بکتربند گاڑیاں تعینات کر دی ہیں۔ لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے اس صورتحال کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

دوسری جانب امریکی سینیٹر مارک کیلی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ لبنانی دارالحکومت میں ہونے والے حملوں میں استعمال ہونے والا گائیڈڈ بم امریکی ساختہ تھا، جس کا وزن 900 کلوگرام ہے اور یہ مارک ایٹی فور سیریز کا تھا۔ یہ بم واشنگٹن نے اسرائیل کو فراہم کیا تھا۔

ادھر سعودی عرب نے لبنان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور لبنان کی خود مختاری کے احترام کے ساتھ ساتھ علاقائی سالمیت پر زور دیا۔

سعودی وزرات خارجہ نے کہا ہے کہ وہ لبنانی عوام کے لیے اپنی حمایت کی تصدیق کرتے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ سعودی قیادت نے لبنانی عوام کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ میں اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔