Aaj News

پیر, ستمبر 30, 2024  
25 Rabi ul Awal 1446  

لاپتہ افراد کیس میں بڑی پیشرفت، ’وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 5 بجے تک کسی وقت پیش ہوجائیں‘

وقت ہو تو آج پیش ہو نہیں تو جمعے کو پیش ہوجائیں، چیف جسٹس کے ریمارکس
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2024 11:51am

پشاور ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو آج طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضمانت کے باوجود جیل کے گیٹ سے ملزمان کو اٹھایا گیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں بھی صاف نظر آرہا ہے۔

جس پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کسی کو کیسے ضمانت کے باوجود جیل کے گیٹ سے گرفتار کرسکتے ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور 5 بجے تک کسی بھی وقت عدالت میں پیش ہوجائیں میں عدالت میں ہی موجود ہوں۔

لاپتہ افراد کیس: وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ برہم

اس پر ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا امن وا مان سے متعلق اجلاس میں مصروف ہیں، اس لیے پیش نہیں ہوسکتے جبکہ کیس ہم ہی دیکھ رہے ہیں۔

جس پر چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک کیس نہیں ہے، ایسے اور بھی کیسز ہے جن میں ضمانت ہونے کے بعد لوگوں کو دوبارہ گرفتار کیا ہے، آپ کال کرکے پوچھ لیں، وقت ہو تو آج پیش ہو نہیں تو جمعے کو پیش ہوجائیں کیونکہ ہم قانون پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

cm kpk

Peshawar High Court

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur