Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

جماعت اسلامی کا حسن نصراللہ کی شہادت پر ملک بھر میں دھرنے دینے کا اعلان

اسرائیل کے سامنے حماس اور حزب اللّٰہ سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، حافظ نعیم الرحمان
شائع 29 ستمبر 2024 02:19pm

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت پر ملک بھر دھرنے دینے کا اعلان کردیا، حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حسن نصراللہ کی شہادت عالم اسلام کے لیے بڑا دھچکا ہے، اسرائیل کی سوچ ہے کہ وہ مزاحمتی تحریک کوختم کرسکتا ہے، اسرائیل کے سامنے حماس اور حزب اللّٰہ سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے اسرائیلی اقدام پر کھل کرمذمت کرنے کا مطالبہ کر ڈالا۔

ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلم حکمرانوں سے نہیں مسلم لیڈرز سے خوفزدہ ہے، اسرائیل ساری کارروائیاں کرنے کے باوجود مکمل ناکام رہا ہے،اسرائیل فلسطینیوں اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی تحریک کو ختم نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا تھا فلسطینی سرینڈر کردیں لیکن اپنی لاشیں اٹھانے والے کھڑے ہیں ہمارے حکمران نہیں کھڑے، قیامت کے روز یہ سب حساب دیں گے، اتنا بڑا دہشتگرد اسرائیل آگے بڑھ رہا ہے لیکن ہمارے حکمران خاموش ہیں۔

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ شہید، کئی ملکوں میں احتجاج

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کیخلاف مسلم ممالک کی فوجوں کو اعلان کرنا چاہئے،وزیراعظم شہبازشریف نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر اقوام متحدہ میں بات کی، وزیراعظم کی گفتگو میں وہ جان نہیں تھی جو ہونی چاہیے تھی، وزیراعظم کو پتا ہونا چاہیے کونسی سی بات کس پلیٹ فارم پر کس طرح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئرش وزیراعظم نے اسرائیل مردہ باد کا نعرہ لگایا شہباز شریف بھی یہ نعرہ لگا سکتے تھے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پراسرائیل پر واضح موقف اختیار نہ کر کے شرمندگی کا مظاہرہ کیا، ہمارا حکمران طبقہ ایجنٹ کا کردار ادا نہ کرے اتنی ہی بات کرے جتنی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارا حکمران طبقہ امریکا کی طرف دیکھتا ہے، بدقسمتی سے مسلم حکمران اپنا کردار ادا نہیں کررہے، پاکستانی قوم میں کنفیوژن پیدا نہ کریں، اسرائیل تو 7اکتوبر 2023کو شکست کھا چکا ،ان کا انٹیلی جنس سسٹم اور سب کچھ دریا برد ہوگیا ، اسرائیل اب صرف نہتے لوگوں کو حملے کررہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ طاقت اسرائیل کو مسلم حکمران طبقے نے دی ہے، جو امریکا کی خوشنودی کیلئے سب کچھ کررہے ہیں وہ بھی نہیں بچیں گے، جتنی تاخیر کرو گے،خود بھی مرو گے اور اپنے عوام کو بھی مرواؤ گے، یہ وقت پوری امت کو اکٹھا کرنے کا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج ہم پورے پاکستان میں دھرنے کر رہے ہیں، دھرنوں میں حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی، ہمارے دھرنے آئی پی پیز،مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف ہیں، حکومت نے عوام کے ساتھ وعدہ خلافی کی، تنخواہ دار لوگوں کو ٹیکس لگا ہے کوئی سیاسی جماعت فرض ادا نہیں کررہی، جب تک مسائل حل نہیں ہوتے ہماری جنگ جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال اور ضلع لودھراں کو گرفتار کرلیا گیا

جماعت اسلامی کے ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنوں کے پیش نظر امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال ہارون الرشید نظامی اور امیرجماعت اسلامی ضلع لودھراں ڈاکٹر طاہر فاروق کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی آج پورے ملک میں دھرنے دے گی، پر امن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے، دھرنے اوراحتجاج حکومت کی طرف سے معاہدے پر وعدہ خلافی کرنے پر دیا جا رہا ہے۔

حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت پر عالمی برادری کا اظہارِ افسوس، اسرائیلی حملوں کی مذمت

حسن نصراللہ کا قتل اشتعال انگیزی ہے، پاکستانی دفتر خارجہ

قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر دھرنے دے گی، پولیس کے رویے اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی خانیوال اور لودھراں کی قیادت اور کارکنان کو فوری رہا کیا جائے، جماعت اسلامی کی حق دو تحریک پر امن اور عوام کے حقوق کے لیے ہے، حکومت عوام کو تکلیف دینے کی بجائے فوری وعدے کے مطابق ریلیف دیں۔

Hafiz Naeem ur Rehman

Jamat e Islami

Hafiz Naeem

Hassan Nasrallah

HAFIZ NAEEMUR REHMAN

HIZBULLAH

Hasan Nasrullah