Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

حسن نصراللہ کا قتل خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کیلئے ضروری تھا، اسرائیلی وزیراعظم

بے شمار اسرائیلیوں کو قتل کرنے والے سے حساب لے لیا، نتین یاہو
شائع 29 ستمبر 2024 08:50am

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی موت کو تاریخی موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسن نصراللہ کا قتل خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کے لیے ضروری تھا، حسن نصراللہ اور ان کے ساتھی اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نیویارک کا دورہ مکمل کرکے واپس اسرائیل پہنچے ہیں، جہاں سے انہوں نے حسن نصر اللّٰہ پر حملے اور ان کی ہلاکت پر بیان دیا۔

قوم سے اپنے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ رواں ہفتے اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ حزب اللّٰہ پر موجودہ حملے کافی نہیں کیونکہ نصراللّٰہ نہ صرف ایران کے اشارے پر کام کرتے ہیں بلکہ ایران کو آپریٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے حسن نصراللّٰہ کی موت کو تاریخی موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسن نصراللہ کا قتل خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کے لیے ضروری تھا، بے شمار اسرائیلیوں کو قتل کرنے والے سے حساب لے لیا، حسن نصراللہ ایران کی برائی کا محور اور مرکزی انجن تھے، اسرائیل نے سینکڑوں امریکیوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کی ہلاکت کا بدلہ لے لیا۔

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ شہید، کئی ملکوں میں احتجاج

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حسن نصراللّٰہ اور ان کے ساتھی اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتے تھے، جو آپ کو مارنے کے لیے کھڑا ہو، پہل کرکے اسے مار ڈالو۔

نتین یاہو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے، پورے مشرق وسطیٰ نے اسرائیل کی طاقت تسلیم کرلی ہے۔

خیال رہے کہ جمعہ کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے۔

ہفتے کو حزب اللہ نے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت، لبنان کے دفاع کیلئے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔

حسن نصر اللہ کی موت کے بعد ان کے اکاؤنٹ سے متعدد ٹوئٹ جاری، آخری الفاظ کیا تھے؟

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا تھاکہ بیروت میں حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ پر حملے کیلئے بنکر بسٹر بموں کےساتھ 80ٹن سے زائد بارود استعمال کیاگیا۔

Benjamin Netanyahu

Netanyahu

ISRAELI ATTACK

Hassan Nasrallah

HIZBULLAH

isreal prime minister

nitin yahoo