Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف کی تاجروں کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت

گوگل، اسٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، آرمی چیف
شائع 28 ستمبر 2024 02:54pm

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے تاجر برادری کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ کراچی میں تاجروں سے ملاقات کی، اس دوران معیشت سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔

آرمی چیف نے کہا کہ کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، ایک سال پہلےکہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے، پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنا، معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے، بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظرپاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد پر اسمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، برادر دوست ممالک کی پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے، چین، سعودی عرب اور یواے ای کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے جب کہ گوگل، اسٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے، فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔

اس دوران آرمی چیف نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔

Karachi Visit

Business Community

Army Chief Asim Munir