فارم کے مالک نے 125 مگرمچھوں کو کرنٹ سے ہلاک کردیا
تھائی لینڈ میں ایک مگرمچھوں کی افزائش کرنے والے فارم کے مالک نے حفاظتی اقدامات کے تحت اپنے 125 مگرمچھوں کو مار ڈالا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فارم کے مالک کا کہنا ہے کہ ملک میں آنے والے شدید سیلاب کے دوران مگرمچھوں کے فرار ہونے کا خطرہ تھا۔
فارم کے مالک نے وضاحت کی کہ بارشوں کی وجہ سے فارم کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی تھیں، جس سے یہ خدشہ لاحق تھا کہ مگرمچھ باہر نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام آبادی کو ممکنہ خطرے سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا۔
مالک نے مزید کہا کہ اگر مگرمچھ بھاگ جاتے تو وہ قریبی گاؤں والوں اور ان کے مویشیوں پر حملہ کر سکتے تھے۔ انہوں نے سیلاب کے دوران مگرمچھوں کو عارضی پناہ گاہ فراہم کرنے کے لیے حکام سے رابطہ کیا، لیکن انہیں اجازت نہیں ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سیامی نسل کے نایاب مگرمچھ تھے، جنہیں بجلی کے کرنٹ سے ہلاک کیا گیا۔ یہ واقعہ انسانی حفاظت اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے درمیان ایک پیچیدہ مسئلے کی عکاسی کرتا ہے، جس پر مزید غور و فکر کی ضرورت ہے۔
Comments are closed on this story.