Aaj News

ہفتہ, ستمبر 28, 2024  
23 Rabi ul Awal 1446  

چھپکلیوں کو کمرے اور کچن سے دور رکھنے کے 6 قدرتی طریقے

ان کی موجودگی سے اکثر کراہت محسوس ہوتی ہے
شائع 26 ستمبر 2024 12:08pm
تصویر: فلیکرز
تصویر: فلیکرز

چھپکلیاں اکثر کیڑوں کی تلاش میں ہمارے گھروں میں داخل ہو جاتی ہیں، خاص طور پر کچن میں، جہاں یہ ناپسندیدہ مہمان بہت زیادہ نظر آتی ہیں۔ ان کی موجودگی سے اکثر کراہت محسوس ہوتی ہے، لیکن خوش قسمتی سے، ان سے دور رہنے کے کچھ آسان اور قدرتی طریقے موجود ہیں۔

انڈے کے چھلکے: استعمال شدہ انڈے کے چھلکے چھپکلیوں کو دور رکھنے کے لیے موثر ثابت ہوتے ہیں۔ ان کی بو چھپکلیوں کو پسند نہیں ہوتی۔ انڈے کے چھلکوں کو کھڑکیوں، دروازوں یا ان مقامات کے قریب رکھیں جہاں چھپکلیوں کے آنے کا خدشہ ہو۔ یہ قدرتی خوشبو چھپکلیوں کو بھگا دے گی۔

کھیرے: کھیرے کی بو چھپکلیوں کے لیے ناگوار ہوتی ہے۔ بس ایک کھیرے کو کاٹ کر کچن کے کاؤنٹر یا دوسری جگہ پر رکھ دیں۔ یہ آپ کے کچن میں ان ناپسندیدہ مہمانوں کو دور رکھنے میں مدد دے گا۔

کافی اور تمباکو: کافی آپ کی صبح کی شروعات کے لیے تو بہترین ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ چھپکلیوں کو بھی دور رکھ سکتی ہے؟ کچھ کافی پاؤڈر کو پسے ہوئے تمباکو کے ساتھ ملا کر ہر کونے اور چھپکلی کے شکار مقامات پر رکھیں۔

لیموں کا رس: چھپکلی کھٹے پھلوں کی بو سے دور بھاگتی ہیں۔ ایک سپرے بوتل میں پانی کے ساتھ لیموں کا رس ملا کر پورے کچن، خاص طور پر گیلے کونوں پر چھڑکیں۔ یہ ایک قدرتی ریپیلنٹ کے طور پر کام کرے گا اور آپ کے کچن کو بھی تازگی فراہم کرے گا۔

لہسن اور لونگ: لہسن اور لونگ کی تیز بو بھی چھپکلیوں کو دور رکھ سکتی ہے۔ لہسن کے چند ٹکڑے یا سوکھے لونگ کھڑکیوں، دروازوں، اور کچن کے کاؤنٹر ٹاپس کے قریب رکھیں، اور آپ دیکھیں گے کہ چھپکلیاں آپ کے کچن سے دور رہیں گی۔

صفائی کا خیال رکھیں: چھپکلیوں کو دور رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے کچن کو صاف ستھرا رکھیں۔ چھپکلیاں عام طور پر کھانے کے لیے کیڑے ڈھونڈتی ہیں، اس لیے کچن کے کاؤنٹر کو صاف رکھیں تاکہ کھانے کے ذرات باقی نہ رہیں۔ اگر کھانے کے ٹکڑے نہ ہوں، تو چھپکلیاں اس جگہ کے ارد گرد نہیں گھومیں گی۔

kitchen hacks

Mini Kitchen

Lizard