Aaj News

جمعہ, ستمبر 27, 2024  
22 Rabi ul Awal 1446  

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے خوارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، آئی ایس پی آر
شائع 26 ستمبر 2024 12:35pm

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیاب کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن 25 اور 26 ستمبر کی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فورسز اور خوراج دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز کے ساتھ مقابلے میں 8 خوارج مارے گئے جبکہ ہلاک ہونے والے خوارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج مطابق ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک خوارج معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 25 دہشت گرد ہلاک، 4 جوان شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کر کے 12 خوارج کو ہلاک کیا تھا جبکہ آپریشن کے دوران 6 اہلکاروں نے جام شہادت بھی نوش کیا تھا۔

اس سے قبل 7 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔

اگست کے آخر میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

وزیراعظم کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت 8 خوارج جہنم واصل ہوئے، انشاء اللہ پورے ملک سے خوارج کا عنقریب مکمل خاتمہ ہو گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

صدر مملکت نے شمالی وزستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، معصوم شہریوں کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں ہمارا فخر ہیں۔

ISPR

North Waziristan

security forces

security forces operation

Terrorists killed