Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس آج، کیا پاکستان کا قرض منظور ہو جائے گا؟

پاکستان نے کئی طرح کی شرائط پوری کر دی ہیں، یقین دہانی کے بعد ہی اجلاس بلایا گیا
اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2024 10:26am

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج بدھ کو ہو رہا ہے جس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری پر غور کیا جائے گا اور قوی امکان ہے کہ پاکستان کیلئے آج قرض کی منظوری ہوجائے گی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول ایگریمنٹ 12 جولائی کو ہوا تھا لیکن اس کے بعد ایک طویل وقت گزر چکا ہے اور ائی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اب تک منظوری نہیں دی۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ آج ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دے گا یا نہیں۔

12 جولائی کے بعد آئی ایم ایف کے متعدد ایگزیکٹو بورڈ اجلاس ہو چکے ہیں لیکن پاکستان کا معاملہ شامل نہیں کیا گیا اس عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے قرض پر غور کیا جا رہا ہے۔

روزانہ بزنس ریکارڈر کے مطابق پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی کو ایک ان کیمرہ بریفنگ میں فائننس ڈویژن نے بتایا تھا کہ ائی ایم ایف کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ پاکستان کے دوست ممالک اپنے قرضے رول اوور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس یقین دہانی کے بعد ہی آئی ایم ایف نے پاکستان کے معاملے پر ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔

آئی ایم ایف کو یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ پاکستان بجلی کے شعبے میں اصلاحات کرے گا۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق پاکستان کو سات ارب ڈالر آئی ایم ایف سے ملنے ہیں۔ لیکن یہ رقم ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی نہیں لہذا مزید پانچ ارب ڈالر کمرشل بینکوں اور دیگر قرض دہندگان سے حاصل کیے جائیں گے۔

IMF PAKISTAN

IMF Executive Board