Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کچے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیلئے ’ہارڈ ایریا الاؤنس‘ منظور

کس رینک کے پولیس اہلکار کو ماہانہ کتنی اضافی رقم ملے گی
شائع 24 ستمبر 2024 10:32pm

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کچے کے علاقوں میں چوکیوں پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کے ہارڈ ایریا الائنس کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے۔

نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی بار کچے کے علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے خصوصی الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی کو 25 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاؤنس ملے گا، جبکہ ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کو 20 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح کچے کے علاقے میں خدمات انجام دینے والے درجہ چہارم کے پولیس ملازمین کو ہر ماہ 18 ہزار روپے ہارڈ شپ الاؤنس کی مد میں دیے جائیں گے۔

رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں تعینات 943 اور راجن پور کے 414 پولیس افسران و اہلکار ہارڈ ایریا الاؤنس سے مستفید ہوں گے، اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 33 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس اقدام سے کچے کے خطرناک ترین علاقے میں جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

کچے کی چوکیوں پر تعینات پولیس جوانوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کے خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ دل جمعی اور جوش و جذبے سے محنت کریں گے۔

Punjab police

Kacha Area

hard Area Allowance