Aaj News

بدھ, ستمبر 25, 2024  
20 Rabi ul Awal 1446  

دنیا کے انصاف کو سیکیورٹی کونسل کے 5 ارکان کی خواہش پر نہیں چھوڑا جاسکتا، اردوان

جس طرح ہٹلر کو روکا گیا، نیتن یاہو اور اس کے قاتل نیٹورک کو بھی روکا جائے، ترک صدر
شائع 24 ستمبر 2024 08:28pm

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نیتن یاہو کو ہٹلر قرار دے دیا ہے، ترک صدر کا کہنا ہے کہ دنیا کے انصاف کو سیکیورٹی کونسل کے 5 ارکان کی خواہش پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، دنیا کے انصاف کو سیکیورٹی کونسل کے پانچ ارکان کی خواہش پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

ترک صدر نے کہا کہ غزہ میں 315 روز سے قتل عام جاری ہے، 41 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، ان میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے، کوئی نہیں جانتا کہ 10 ہزار لوگ کہاں ہیں؟ ایک لاکھ فلسطینی زخمی ہیں، 172 صحافیوں کو اپنی پیشہ ور خدمات کے دوران شہید کیا گیا ہے، 500 سے زیادہ ڈاکٹرز مارے گئے ہیں، غزہ میں مدد کرنے والے خود اقوام متحدہ کے رضاکاروں کو بھوک اور پیاس کا سامنا ہے، 215 سے زائد اقوام متحدہ کے رضا کار ہلاک ہوچکے ہیں، مارکیٹوں، شیلٹرز اور کیمپوں میں موجود پناہ گزینوں پر حملے کیے گئے ہیں، مریضوں کے لے جانے والی 130 سے زائد ایمبولینسز کو تباہ کیا گیا ہے، اسرائیلی نے بے شرمی سے دنیا کے ضمیر کو چیلنج کیا ہے۔

رجب طیب اردواننے کہا کہ غزہ خواتین اور بچوں کا دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن چکا ہے، 17 ہزار سے زائد بچے اسرائیلی گولیوں اور بموں کا نشانہ بنے ہیں، غزہ میں بچے ہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کا نظام بھی مررہا ہے، غزہ میں سچ کی موت ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا فلسطین میں بچوں کا کوئی حق نہیں؟ سیکیورٹی کونسل سے کہتا ہوں غزہ میں نسل کشی روکنے کیلئے کس چیز کا انتظار کررہے ہو، نیتن یاہو اور اس کے نیٹورک کو روکنے کیلئے کس چیز کا انتظار ہے، ایک سیاسی کھیل کیلئے پورے خطے کو خطرے میں ڈالا گیا ہے، اسرائیل کو سپورٹ کرنے والوں سے کہتا ہوں کب تک بے شرمی سے یہ خون ریزی دیکھتے رہو گے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بری طرح ناکام ہوگئی ہے، اسرائیلی حکومت بین الاقوامی قوانین کو پیروں تلے روند رہی ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، فلسطینیوں کا اپنی قبضہ کی گئی زمین کا دفاع کرنا نیک عمل ہے، چند ممالک کی اسرائیل کی سپورٹ کے باعث یہ مظالم ہورہے ہیں، یہ چور سے کہیں چوری کر، اور شاہ سے کہیں تیرا گَھر لُٹا والا معاملہ ہے، جو یہاں بظاہر سیز فائر کی باتیں کررہے ہیں وہ اسرائیل کو مسلسل اسلحہ دے رہے ہیں، جنگ بندی کے حوالے سے اسرائیل کی دھوکا دہی پر مزید یقین نہ کیا جائے، اسرائیل کے خلاف سخت ایکشن ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ جس طرح ہٹلر کو روکا گیا، نیتن یاہو اور اس کے قاتل نیٹورک کو بھی روکا جائے، انسانیت پریقین رکھنے والے اتحاد نے 70 سال قبل ہٹلر کو روکا تھا، اسی طرح یہ اتحاد نیتن یاہو اور اس کے قاتل نیٹورک کو روکے، ہم عالمی عدالت میں جنوبی افریقہ کے دائر کیس کو سپورٹ کرتے ہیں۔

Recep Tayyip Erdogan

79th United Nations General Assembly