Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف کا دورہ وانا: قبائلی عمائدین کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو قابل تعریف قرار دیا

آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا
شائع 24 ستمبر 2024 05:58pm

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا ہے، جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ان کی تیاریوں اور بلند حوصلے کی تعریف کی تاکہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔

پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائی۔

آرمی چیف نے ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج خیبر پختونخوا پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی مدد اور مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے عوام کے امن کے قیام اور جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

انہوں ںے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے لوث حمایت اور پاکستان آرمی کے ساتھ تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

Army Chief Asim Munir

Vana Visit