Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

قتل کے مقدمے میں نامزد شکیب الحسن سے متعلق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا اہم فیصلہ

آل راؤنڈر شکیب الحسن نے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد انگلینڈ کا سفر کیا
شائع 24 ستمبر 2024 09:28am
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ شکیب الحسن ایک قتل کے مقدمے میں نامزد ہیں، جس کی وجہ سے وہ وطن واپس نہیں جا سکے۔

آل راؤنڈر شکیب الحسن نے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد انگلینڈ کا سفر کیا اور پھر بھارت میں ٹیم میں شامل ہوئے۔ اس سلسلے میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشنز کے سربراہ شہریار نفیس نے بتایا کہ شکیب کے بنگلا دیش میں کھیلنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، اور حکومت کا واضح پیغام ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

شہریار نفیس نے مزید کہا کہ اگر شکیب الحسن انجری یا فارم کی وجہ سے منتخب نہیں ہوتے تو یہ ایک الگ معاملہ ہے، لیکن ان کے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ حکومتی قانونی مشیر نے بھی یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ شکیب الحسن کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بنگلا دیش کا دورہ کرے گی، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اور دوسرا ٹیسٹ 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

cricket

Shakib Al Hasan