Aaj News

پیر, دسمبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر اسلام آباد میں تقریب، صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد

'مشکل وقت میں مدد پر پاکستان کے عوام سعودی عرب کے شکرگزار ہیں'
شائع 23 ستمبر 2024 08:57pm

اسلام آباد میں سعودی عرب کے 94ویں قومی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے مبارکباد دی۔

تقریب میں سعودی عرب کے حوالے سے ایک مختصر ڈاکیومنٹری اور وزیراعظم کا پیغام چلایا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کو ان کے 94ویں یوم الوطنی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عزت مآب شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب اکیسویں صدی کے عظیم ملک کی حیثیت سے ابھرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے، آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پزیر ممالک کی مثالی قیادت کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان اور سعودی عرب نے تمام مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں سعودی عرب کے تعاون کے لیے پوری قوم مشکور ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات انشاء اللہ ہمیشہ قائم رہیں گے۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے، میں خادم حرمین شریفین اور سعودی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

صدر زرداری نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، ہمارے معیشت، کلچر، تعلیم، دفاع اور تجارتی تعلقات ہیں، مشکل وقت میں مدد پر پاکستان کے عوام سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں زبردست ترقی کی، یہ ترقی شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشوں کے باعث ہے، پاکستان سعودی عرب کے ترقی کے سفر پر دعا گو ہے۔