جہاز میں آگ کے الارم بج اٹھے، لاہور ایئرپورٹ پر نجی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
لاہور ایئرپورٹ پر کراچی سے لاہور جانے والے نجی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کاک پٹ میں آگ لگنے کے الارم بجنے کے باعث پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق کپتان نے لاہور کے قریب شام 7 بجکر 15 پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھویں کی اطلاع دے کر ”مے ڈے“ کال دی البتہ پرواز 7 بجکر 23 منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی فائر ڈیپارٹمنٹ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر موجود تھا اور تمام مسافروں اور عملے کو جہاز کے ایمرجنسی انخلا نظام کے ذریعے باحفاظت باہر نکال دیا گیا۔
لینڈنگ کے بعد جہاز کے ایمرجنسی گیٹ کھول کر سلائیڈ سے مسافروں کو باہر نکالا گیا۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ٹیم نے جہاز کا معائنہ کیا ہے، لیکن ابھی تک الارم بجنے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فائر ڈپارٹمنٹ نے معائنے کے بعد 7 بجکر 57 منٹ پر جہاز کو کلیئر قرار دے دیا۔
نجی ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کہا گیا کہ ’فلائی جناح اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ 23 ستمبر 2024 کو کراچی سے لاہور جانے والی پرواز ”9P846“ نے لاہور میں لینڈنگ کے وقت کارگو کمپارٹمنٹ میں سموک الارم کا اشارہ دیا‘۔
بیان کے مطابق عملے نے ایئرپورٹ حکام کو مطلع کیا اور جہاز تمام عملے اور مسافروں کے ساتھ لاہور میں بحفاظت اتر گیا۔ فلائی جناح کی تیکنیکی ٹیم اس وقت الارم کی وجہ جاننے کے لیے مکمل معائنہ کر رہی ہے۔
Comments are closed on this story.