Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسرائیلی اخبار کے مضمون میں میری تعریف کی گئی، مسلم اور مغربی دنیا میں قابل بھروسہ ہوں، عمران خان

28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کا اعلان
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2024 10:39pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ کا اعلان کردیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اخبار کے مضمون میں میری تعریف کی گئی ہے، ان کو انگریزی سمجھ ہی نہیں آتی کہ بانی پی ٹی آئی مسلمان دنیا اورمغربی دنیا دونوں میں قابل اعتماد ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے ہفتے کو اپنے آرٹیکل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا تھا اور پاکستان کی موجودہ قیادت کو تبدیل کرنے کی بات کی گئی تھی۔

اس آرٹیکل کے بعد حکومت نمائندوں اور پی ٹی آئی مخلاف جماعتوں کی جانب سے خوب تنقید کی گئی تھی۔

صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کودوبارہ مسلط کرنے کی کوشش میں ہے، احسن اقبال

اس آرٹیکل پر تحریک تحفظ آئین پاکستان نے یروشلم پوسٹ کو پروپیگنڈا اخبار قرار دیا تھا، جبکہ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات نہیں کی۔

اب عمران خان نے کہا ہے کہ اسرائیل پرمیرا مؤقف وہی ہے جو حکومت پاکستان کی پالیسی ہے، کل سے پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ میں اسرائیل سے تعلقات کا خواہاں اور بڑا حامی ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، پہلے اسرائیل سیز فائر کرے، آپ دو ریاستی حل کی جانب جائیں پھر آپ سے بات چیت ہوگی۔

’معافی شافی نشتا‘، گنڈاپور نے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اخبار میں لکھا گیا میری مغربی ممالک اور مسلم امہ میں کریڈایبلٹی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ ہم آئندہ ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کا بیان آیا ہے اچھے بچے بنو مل کر رہو تاکہ ملک ترقی کرے، شہباز شریف سن لو امن انصاف سے آتا ہے، الیکشن میں ڈاکہ مارا گیا، نو مئی واقعات میں کارکنوں کو جیل میں ڈالا گیا، کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی، جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک میں امن نہیں ہوگا، آپ جو ترامیم کرنے جا رہے ہیں ان سے کیا امن آئے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر امپائر بھی ہیں اور اوپنر بلے باز بھی، تھرڈ امپائر ان کی ٹیم کا کپتان ہے وہ پیچھے بیٹھ کر سب چلا رہا ہے، آپ ان کو توسیع دے رہے ہیں، تھرڈ ایمپائر کا کردار یہ ہے کہ پی ٹی ائی کو میچ ہی نہ کھیلنے دیا جائے، ایمپائر تو انصاف کرتے ہیں، یحییٰ خان نے بھی وہی کیا تھا جو آج یہ کر رہے ہیں، یہ ٹولہ الیکشن فراڈ چھپانے کے لیے معاشرے اور جمہوریت کی تباہی کر رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آمدن نہ بڑھنے سے قرض بڑھ رہا ہے، کوئی سرمایہ کاری کو تیار نہیں، لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، یہ یحییٰ خان پارٹ ٹو کی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ہمارے جتنے جلسے کسی نے نہیں کیے، لاہور میں جلسے سے ایک دن قبل اجازت دی گئی اور پھر کنٹینرز لگا دیے گئے، ہمارے جلسوں میں لوگ پیدل چل کر آتے ہیں، ہم قیمے والے نان نہیں کھلاتے، جلسے سے پہلے پی ٹی آئی کے 500 لوگوں کو نظربند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے، گرمیوں کا جلسہ شام میں ہوتا ہے اور یہ کہتے ہیں کہ چھ بجے جلسہ ختم کر دو، داد دیتا ہوں کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جلسہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں؟ پارٹی کو کہہ دیا ہے اگلے ہفتے کو ہم راولپنڈی میں جلسہ کریں گے، پارٹی کو کہتا ہوں جلسے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کریں، جلسے کی اجازت نہ ملی تو احتجاج کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ عدلیہ کو ختم کر کے یہ غیر اعلانیہ مارشل لاء لگانا چاہتے ہیں، یہ وہ ترامیم کرنے لگے ہیں جو کسی آمر نے بھی نہیں کی، ہم ان ترامیم کے خلاف سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے۔

imran khan

Jerusalem Post Article

Relations with Israel