Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈی این اے ٹیسٹ کے کرشمے، 6 سال کی عمر میں اغوا ہونے والے بچے کی 70 سال بعد واپسی

مذکورہ شخص کی دلچسپ تلاش نے سب کو حیران کر دیا
شائع 23 ستمبر 2024 01:03pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

دنیا بھر میں ایسے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں کہ بچپن میں اغواء یا کھویا گیا بچہ کئی سال بعد اپنے اہلخانہ سے مل گیا۔

مگر وہیں ایک گمشدہ شخص سے متعلق واقعہ انٹرنیٹ صارفین کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے، جس کی دلچسپ تلاش نے سب کو حیران کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لوئس ارمانڈو نامی شخص کو سنہ 1951 میں 6 سال کی عمر میں اغوا کرلیا گیا تھا، لوئس امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ کے ایک پارک میں کھیل رہا تھا جس دوران وہ اغوا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اوکلینڈ کی رہائشی ایک خاتون جو لوئس کی بھانجی لگتی ہیں وہ پولیس اور محکمہ انصاف کی مدد سے اپنے ماموں لوئس کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

لوئس البینو کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ایک ریٹائرڈ فائر فائٹر ہیں جنہوں نے ویتنام میں اپنی خدمات انجام دیں۔ لوئس کی بھانجی ایلیڈا نے انہیں رواں برس جون میں خاندان سے ملوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایلیڈا نے میڈیا گروپ سے گفتگو میں بتایا کہ ملاقات کے دوران انکل نے مجھے گلے سے لگایا اور ڈھونڈنے پر انہوں نے میرا شکریہ ادا بھی کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ لوئس کے بھائی راجر البینو سے پولیس نے کئی بار پوچھ گچھ کی، مگر وہ ایک ہی جواب دیتا کہ ایک عورت لوئس کو اغوا کر کے لے گئی۔

بعد ازاں 2020 میں ایلیڈا کی جانب سے ایک آن لائن ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیا جو 22 فیصد تک اس کے ماموں سے میچ کر گیا، تاہم جب انہوں نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں ملا۔

پھر 2024 میں دوبارہ ایلیڈا نے اپنے لوئس کی تلاش شروع کردی۔ اوکلینڈ کی ایک لائبریری میں ایلیڈا کو اخبار کے پرانے مضامین اور لوئس اور راجر کی ایک تصویر ملی۔ جس کے بعد اسے لگا کہ وہ صحیح جگہ تلاش کر رہی ہے، پھر ایلیڈا اسی وقت اوکلینڈ پولیس کے پاس گئی۔

ایف بی آئی پولیس کی جانب سے لوئس کی دوبارہ تلاشی شروع کی گئی۔ مشرقی ساحل پر پائے جانے والے لوئس نے ڈی این اے کا نمونہ فراہم کیا جو خاتون کی والدہ (لوئس کی بہن) سے میچ کر گیا۔

آخر کار بھانجی اپنے ماموں کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئی، ایلیڈا کا کہنا تھا کہ لوئس ارمانڈو ابھی میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ وہ اپنے انکل سے ملنے پر انتہائی خوش ہیں۔

California

kidnapped

6 year old boy

found alive

70 years