Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران کا 12 اسرائیلی ایجنٹس گرفتار کرنے کا دعویٰ

گرفتار ایجنٹس سکیورٹی مسائل پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، پاسداران انقلاب
شائع 22 ستمبر 2024 11:22pm

ایران نے اپنے چھ صوبوں میں کارروائیوں کے دوران 12 اسرائیلی ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ”اِرنا“ کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے ملک کے چھ صوبوں میں صیہونی حکومت کے 12 ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی، جو ایک نیٹ ورک کے صورت میں سکیورٹی مسائل پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ اور لبنان کے عوام کے خلاف مذموم اور شیطانی اہداف کے حصول میں صیہونی حکومت اور اس کے مغربی اور یورپی حامیوں بالخصوص امریکہ کی عبرتناک ناکامی کے بعد، اس جعلی اور نسل پرست حکومت کے جرائم پیشہ حکمراں مخمصے سے بچنے کے لیے بحران کو ایرانی سرزمین تک پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیکورٹی مسائل پیدا کرنا ان کا بنیادی ایجنڈا ہے۔

بیان کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں نے حق تعالیٰ کی مدد سے چوکسی، ہوشیاری، انٹیلی جنس برتری اور جہادی و انقلابی اقدامات کے ذریعے صیہونی حکومت کے ایک نیٹ ورک کا پتہ لگا کر اسے تہس نہس کردیا ہے اور اس کے بارہ عناصر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایران اکثر ہیایسے لوگوں کی گرفتاری کا اعلان کرتا ہے جن پر بیرونی ممالک، خاص طور پر اسرائیل کے لیے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام ہے۔

خبر رساں ایجنسی نے گرفتاریوں کی تاریخوں یا مقامات کی وضاحت نہیں کی ہے۔

تہران نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ اس کے متعدد جوہری مقامات پر تخریب کاری کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ متعدد ایرانی سائنسدانوں کو قتل کیا گیا ہے۔

دسمبر میں حکام نے اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ ملی بھگت کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دی تھی، اور دسمبر 2022 میں بھی اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کے جرم میں چار افراد کو پھانسی دی گئی۔

Iran Arrest Israeli Agents