Aaj News

اتوار, ستمبر 22, 2024  
17 Rabi ul Awal 1446  

’چین نے ناک میں دم کر رکھا ہے‘ کواڈ سربراہ اجلاس میں مائیک کُھلا رہ گیا

امریکی شہر ڈیلاویئر میں چار ملکی اتحاد کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر کے ریمارکس سے میڈیا کی چاندی ہوگئی
شائع 22 ستمبر 2024 04:50pm

امریکا کے شہر ڈیلاویئر میں چار ملکی اتحاد ’کواڈ‘ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر مائیکروفون کُھلا رہ جانے سے دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوئی اور رپورٹرز کی چاندی ہوگئی۔ اجلاس کے دوران کچھ دیر کا وقفہ ہوا تاہم اس دوران مائیکروفون کھلا رہ گیا جس کا امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی اندازہ نہ تھا۔

صدر بائیڈن نے امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور بھارت پر مشتمل اتحاد کے سربراہ اجلاس میں شریک بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی، جاپانی وزیرِاعظم فومی کشیدا اور آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز سے مشاورت کے دوران کہا کہ چین نے ناک میں دم کر رکھا ہے، اس کی طرف سے مسابقت بڑھتی جارہی ہے، اُس سے نپٹنے کے لیے سخت پالیسیاں مرتب کرنا ہوں گی۔

جب حکام نے نشاندہی کی کہ مائیکروفون کھلا رہ گیا ہے اور چاروں ملکوں کے سربراہوں کی باتیں باہر میڈیا والے بھی سُن رہے ہیں تو سب چوکنے ہوگئے۔ صدر بائیڈن نے بگڑی ہوئی بات بنانے کے لیے سیاسی اور معاشی مشکلات کا ذکر کیا اور کہا کہ چین سے شدید مسابقت کا سامنا ہے اس لیے سب کو ملک کر جامع حکمتِ عملی ترتیب دینا ہوگی۔

بعد میں مائیکروفون بند تو کردیا گیا تاہم کُھلے ہوئے مائیکروفون سے جتنی باتیں میڈیا والوں کو سُنائی دیں وہ بھی بات کا بتنگڑ بنانے اور نمک مرچ لگاکر یوزرز کے سامنے پیش کرنے کے لیے کافی تھیں۔

QUAD SUMMIT

MIC LEFT OPEN

CHINA REMARKS FROM BIDEN

CHINA TESTING US