Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کودوبارہ مسلط کرنے کی کوشش میں ہے، احسن اقبال

مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا بانی پی ٹی آئی اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے، احسن اقبال
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2024 06:16pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے انہوں نے جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہیں، صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش میں ہے۔

احسن اقبال نے یروشلم پوسٹ کے حالیہ آرٹیکل پر ظفر وال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب کوئی پاکستانی بھول نہیں سکتا کہ بانی پی ٹی آئی پروجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون ہے، صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش میں ہے، بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کو اسلامی ٹچ دے کر اپنا تشخص بنایا جس کا مقصد پاکستان اسرائیل تعلقات بنانا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل میں عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا گیا ہے اور پاکستان کی موجودہ قیادت کو تبدیل کرنے کی بات کی گئی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا یہ تیسرا مضمون ہے جو بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں شائع ہوا ہے، گولڈ اسمتھ سے بانی پی ٹی آئی کا رشتہ بہت مضبوط ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے تعلق توڑ کر گولڈ اسمتھ خاندان سے تعلق جوڑا، بانی پی ٹی آئی نے مہم چلائی صادق خان کو میئر لندن کیلئے ووٹ نہ دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سے زہر لوگوں کے ذہن میں اتارا جا رہا ہے، شہریوں کا اعتماد ختم ہو جائے تو ریاست اندرونی طور پر کھوکھلی ہو جاتی ہے۔

عمران خان آج بھی غزہ کے قصائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، وزیر دفاع

وفاقی وزیر کا کہنا تھا ایک طرف بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں مجھے امریکا نے سازش کرکے نکالا، دوسری طرف امریکا میں کانگریس کی حمایت میں قرارداد پاس کراتے ہیں، ہم نے مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا بانی پی ٹی آئی اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا آج پاکستان کی معیشت اُٹھ رہی ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، ہمارے معاشی اعشاریے اوپر جا رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ بہتر ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے جلسے جلوس اور دھرنے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

’عمران خان کا دوغلا پن اور تضادات بے نقاب‘

ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں کہا کہ ’چشم کشا انکشافات، یہ (آرٹیکل) عمران خان کے دوغلے پن اور تضادات کو بے نقاب کرتا ہے، یروشلم_پوسٹ نے عمران خان کو ”ہم خیال“ لیڈر قرار دیا ہے جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا چاہتے تھے‘۔

Ahsan Iqbal

imran khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Jerusalem Post Article