ژوب میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے انسداد دہشتگردی فورس کے 3 اہلکار شہید
بلوچستان کے علاقے ژوب میں پولیس کی گاڑی پر مسلح افراد کے حملے میں انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں نے ژوب میں انسداد دہشت گردی فورس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کا واقعہ ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر پیش آیا تھا۔
فائرنگ کے نتیجے میں اے ٹی ایف کا ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے، فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ژوب اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے، پولیس کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کر کے شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد کے حملے میں زخمی 2 اے ٹی ایف اہلکار دم توڑ گئے، جس کے بعد حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 3 ہو گئی جبکہ ایک زخمی اہلکاراسپتال میں زیرعلاج ہے۔
شہید اہلکاروں میں سے 2 کی شناخت امیر محمد منگل زئی شیرانی اور شفیق اللہ کے ناموں سے ہوئی۔
اے ٹی ایف انچارچ گوہر مشتاق کی نماز جنازہ ادا
دوسری جانب ژوب حملے شہید ہونے والے اے ٹی ایف انچارچ گوہر مشتاق کی نماز جنازہ مرکزی عیدگاہ لورالائی میں ادا کردی گئی، نمازجنازہ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لورالائی رینج عبدالغفار قیصرانی، ایف سی بلوچستان نارتھ لورالائی کے میجر باسط، ایس ایس پی انٹی ٹیررازم فورس قمر زمان، ایس ایس پی لورالائی محمد ظفر بزدار، زونل کمانڈر بلوچستان کانسٹیبلری لورالائی زون زبیر درانی، پولیس افیسران اور قبائلی عمائدین نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وفاقی وزیرداخلہ کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب میں قومی شاہراہ پر اے ٹی ایف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا جبکہ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلی رتبہ پانے والے اہلکاروں کوسلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی لازوال قربانیوں ہمارا فخر ہیں، شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی ژوب میں اے ٹی ایف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اے ایس آئی کی شہادت پر اظہار دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
سرفراز بگٹی نے شہید اے ایس آئی کے لواحقین سے اظہار افسوس اور تعزیت کی جبکہ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
Comments are closed on this story.