Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

آٹھ ٹانگوں والے انوکھے بچھڑے کی پیدائش

یہ بچھڑا ایک جسم، ایک سر، اور آٹھ ٹانگوں کے ساتھ ہے جس نے گاؤں والوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے
شائع 21 ستمبر 2024 05:30pm
بشکریہ ٹائمز ناو
بشکریہ ٹائمز ناو

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایودھیا ضلع میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے، مقامی لوگ اسے ایک ”معجزہ“ قرار دے رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر لوگ اس پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

مودرہ کرما چوراہا گاؤں کے کسان کی بھینس نے ایک بچھڑے کو جنم دیا جو کہ آٹھ ٹانگوں کے ساتھ پیدا ہوا۔ یہ نایاب واقعہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور بہت سے لوگ اسے اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے لیے آرہے ہیں۔

یہ بچھڑا ایک جسم، ایک سر، اور آٹھ ٹانگوں کے ساتھ ہے جس نے گاؤں والوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کچھ لوگ اسے ایک خوش قسمتی کا موقع سمجھتے ہیں جبکہ کچھ اس کے پیچھے قدرت کے ایک عجیب پیغام کی تلاش کر رہے ہیں۔

ویٹرنری ڈاکٹر رام کیشو یادو جنہوں نے اس بچھڑے کی پیدائش کی نگرانی کی، انہوں نے اس کی نایاب حالت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر معمولی جسمانی ساخت کی وجہ سے بچھڑے کی جنس کا تعین کرنا مشکل ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایسے بچھڑے عموماً صحت کے مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کی بقاء کی شرح بہت کم ہوتی ہے اور اضافی ٹانگوں کی موجودگی کی وجہ سے پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اتر پردیش میں اس طرح کی کسی جانور کی غیر معمولی حالت کی رپورٹ ہوئی ہے۔ 2017 میں ایک گائے کا بچھڑا جس کا چہرہ انسان جیسا تھا مظفر نگر کے پاچینڈا گاؤں میں پیدا ہوا اور لوگوں نے اسے ”بھگوان وشنو کا اوتار“ قرار دیا۔

اگرچہ لوگ ان نایاب واقعات کو معجزے سمجھتے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اکثر یہ بچھڑے پیدا ہونے کے کچھ ہی وقت بعد وفات پا جاتے ہیں۔

india

weird

animal

people shocked

viral story