مسافروں کے کانوں اور ناک سے خون بہنے لگا، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
کیبن کے اندر ہوا کے دباؤ کے مسائل کے سبب کچھ مسافروں کو چوٹ لگنے کے بعد طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بوئنگ طیارے کے کیبن میں ہوا کے دباؤ کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، چند مسافر بوکھلاہٹ کے مارے زخمی ہوئے جس سے ان کی ناک اور کانوں سے خون نکلنے لگا۔
رپورٹ کے مطابق پانچ سال پرانے بوئنگ 737 طیارے میں پائلٹوں نے دباؤ کا مسئلہ پایا جس کے باعث طیارے کی ہنگامی بنیادوں پر لینڈنگ کرائی گئی۔
طیارے کے ایک مسافر کیرین ایلن نے بتایا کہ عملے کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ہوائی جہاز واپس جا رہا ہے تاہم اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ مسافر کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر آکسیجن ماسک بھی دستیاب نہیں کیے گئے تھے۔
طیارے کے اندر ائیر پریشر کی وجہ سے حالات بگڑنے پر کیرین ایلن نے اپنے شوہر کو تکلیف کے باعث کانوں کو ڈھانپتے ہوئے دیکھا جبکہ دیگر مسافروں نے دوسری طرف ایک شخص کی مدد کرنے کی کوشش کی جس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا۔
مسافروں کے منہ سے بھی خون بہنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
طیارے میں موجود ایک اور مسافر نے بتایا کہ میں نے اپنے کانوں پر ہاتھ رکھے اور جب ہٹائے تو ان پر خون لگا دیکھا۔
ایئر لائن حکام نے ایک بیان میں کہا کہ اتوار کے روز طیارے کو سروس سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم اب تکنیکی ماہرین نے خرابی حل کردی ہے، جس کے بعد طیارے کو واپس بحال کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.