Aaj News

ہفتہ, ستمبر 21, 2024  
16 Rabi ul Awal 1446  

این او سی کے بغیر ٹیم بھارت بھیجنے پر ایتھلیٹکس فیڈریشن سے جواب طلبی

16 رکنی ٹیم نے چنئی میں منعقدہ ایونٹ کے 90 میں سے کوئی بھی میڈل نہیں جیتا تھا۔
شائع 20 ستمبر 2024 10:44pm

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھارت میں منعقدہ ساؤتھ ایشین جونیر ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں اجازت کے بغیر دورے کا نوٹس لیتے ہوئے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان سے جواب طلب کرلیا۔

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی (مدراس) میں منعقدہ انٹرنیشنل ایونٹ میں بارہ کھلاڑیوں اور چار آفیشلز پر مشتمل ٹیم نے شرکت کی تھی۔ پاکستان اس ایونٹ کے 90 میں سے ایک بھی میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن نے بھارت جیسے ملک کا دورہ کرنے کی اجازت کیلٸے این او سی بھی نہیں لیا جس پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بغیر این او سی کے ٹیم کے دورہ بھارت پر ایتھلیٹکس فیڈریشن سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری شاہ جہاں میر کو بھیجے گئے خط میں واضح کیا کہ جونیر ایتھلیٹکس چیمپین شپ کے لیے ٹیم کے بھارت جانے کے لیے کوئی این او سی نہیں لیا گیا جو پی ایس بی کے آٸین کے آرٹیکل 7 کی ذیلی ذیلی دفعہ کی صریح خلاف ورزی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ فیڈریشن نے حکومت سے لازمی این او سی حاصل کیے بغیر کھیلوں کے بین الاقوامی ایونٹ میں دستہ بھارت بھیجا جس پر ایتھلیٹکس فیڈریشن اپنا تحریری جواب جمع کرائے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب ہندوستان میں کھیلوں کے کسی بھی مقابلے میں حصہ لینے کی بات آتی ہے تو اس کے قوانین اور بھی سخت ہوتے ہیں۔ متعلقہ فیڈریشن کو اس طرح کا دورہ کرنے سے پہلے خفیہ ایجنسیوں اور متعلقہ وزارتوں سے این او سی لینا پڑتا ہے۔

NOC

pakistan sports board

ATHLETIC FEDERATION

INDIA TOUR