Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 12 خوارج دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد برآمد ہوا، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2024 08:31pm

شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 12 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان بھی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پاکستان افغانستان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حمل کا سیکیورٹی فورسز کو علم ہوا جس پر دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

دوسری جھڑپ، جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آئی جس میں خوارج کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا جو کہ ناکام بنا دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم شدید فائرنگ کے دوران ملک کے 6 بہادر سپوتوں نے جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 7 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پرحملے کی کوشش کی، چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نےکہا تھا سیکیورٹی فورسز نے خیبرکےعلاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر یہ آپریشن کیا، ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام بھی شامل تھا، آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، اس دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

اس سے قبل 19 اگست کو باجوڑ میں خوارجی کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا تھا، آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ خارجی دہشت گردوں نے 18 سے 19 اگست کی رات کو پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کو باجوڑ میں ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔

ISPR

North Waziristan

South Waziristan

security forces

security forces operation

Terrorists killed