Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ایف بی آر کا انفورسمنٹ کا نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیراعظم

محصولات میں بہتری سے سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی، شہباز شریف
شائع 20 ستمبر 2024 02:25pm

وزیراعظم شہبازشریف نے ایف بی آر انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے حکمت عملی اور ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی ہدایت کردی اور کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، محصولات میں بہتری سے سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دوران بریفنگ کہا گیا کہ ایف بی آر پلان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، ٹیکس وصولی کو بہتر بنانے کے لیے ایمانداری کے ساتھ کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس قوانین کے نفاذ کو بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی شامل ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یہ پروگرام ایف بی آر کے افسران اور ماہرین نے چیئرمین کے ساتھ مل کر گزشتہ 40 دن میں مرتب کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی، ایف بی آر کا انفورسمنٹ کا نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ایف بی آر کے انفورسمنٹ سسٹم کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

شہبازشریف نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کو دعوت دیں اور ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر ان سے مشاورت کر کے تجاویز لی جائیں۔

انہوں نے ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان کے حوالے سے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی بھی ہدایت کی اور ایف بی آر کو ان تجاویز پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر تفصیلی تبدیلیوں کی منظوری حاصل کرنے کا بھی کہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی تاکید کی اور سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر احمد ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبد العلیم خان ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، اٹارنی جنرل منصور اعوان ، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد ، چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اسلام آباد

FBR

PM Shehbaz Sharif

FEDERAL BOARD OF REVENUE (FBR)

fbr reforms