Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان اور کانگریسی اتحاد ایک صفحے پر، خواجہ آصف نے بھارت میں آگ لگا دی

بیان پر مودی کا بھی ردعمل
اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2024 05:35pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے بھارتی حکومت کو مرچیں لگا دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی حکومت اور بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نیشنل کانفرنس اتحاد جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی بحالی کے معمالے پر ایک پیج پر ہیں۔

جیو نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کانگریس-نیشنل کانفرنس اتحاد کے پاس جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات جیتنے اور اگلی حکومت بنانے کا قوی امکان ہے۔

وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کو بحال کرنا پاکستان اور کانگریس نیشنل کانفرنس اتحاد کا مشترکہ مقصد ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کانفرنس نے جہاں آرٹیکل 370 کو بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا وہیں کانگریس نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور اپنے منشور میں اس کا ذکر تک نہیں کیا ہے۔ تاہم کانگریس نے جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کے عزم کا وعدہ کیا ہے۔

خواجہ آصف کے اس بیان کے بعد بھارتی حکمران جماعت بی جے پی شدید غم غصے سے دو چار ہے۔

واضح رہے دو روز قبل کانگریس ترجمان پون کھیرا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا حق چھین کر اسے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا گیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی یقینی بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

خواجہ آصف کے بیان پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی پاکستان میں ’بلے بلے‘ ہو رہی ہے۔

امت شاہ کا کہنا تھا کہ کانگریس اور پاکستان کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔

Khawaja Asif

Congress

Article 370 restoration

same page