Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ، رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے

جبران الیاس نے رؤف حسن سے سوشل میڈیا ٹیم کے لیے تنخواہوں کا مطالبہ کیا،ذرائع
شائع 18 ستمبر 2024 03:42pm

غیر ملکی ایجنڈے پر کار بند جبران الیاس اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کے درمیان ہوئے پیغامات سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق الیاس جبران بیرونِ ملک سے پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ چلا رہا ہے، پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے سازش کا پول کھول دیا۔

سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل ہونے پر پروپیگنڈہ پھیلانے کےلئے جبران الیاس نے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیں، دسمبر 2023 سے مئی 2024 تک تصاویر، ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے مختلف بیانیے جبران الیاس نے رؤف حسن کو بھیجے اورپروپیگنڈے کے لئے 9 مئی سے متعلق فتنہ پھیلانے والی ویڈیوز اور ہیش ٹیگز بھی ارسال کیے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال یکم مئی کو جبران الیاس نے رؤف حسن کو ٹی وی چینلز کے اسکرین شاٹس بھیجے جس میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے 9 مئی کے حوالے سے ریمارکس بھی شیئر کیے گئے۔

جبران الیاس نے رؤف حسن کو سوشل میڈیا پر چلائے گئے ٹرینڈز ”مداخلت ہوتی ہے“ اور ”مئی 9 فالس فلیگ“ بھی شئیر کیا۔

جبران الیاس کی جانب سے جسٹس منصور علی شاہ کا بیان بھی پروپیگنڈے کے لیے شیئر کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ یہ کس قسم کی ریاست ہے کہ ہر وقت اس چیز کا ڈر لگا رہتا ہے کہ کوئی ہمیں دیکھ رہا ہے، کوئی ہمیں سن رہا ہے، کوئی ہماری ریکارڈنگ کر رہا ہے، کیمرے ہماری ویڈیو بنا رہے ہیں، کیا ریاست اس طرح چلائی جاتی ہے؟

جبران الیاس نے جھوٹے پروپیگنڈے کے لیے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک گوگل ڈرائیو بنا لی ہے جس میں 9 مئی سے متعلقہ فالس فلیگ آپریشنز کا تمام ڈیٹا محفوظ ہے جواستعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ 9 مئی 2024 قریب آرہا ہے۔

جبران الیاس نے شرپسندی کو مزید ہوا دیتے ہوئے رؤف حسن سے کہا کہ ٹیم، فالس فلیگ ہیش ٹیگ اب بھی ٹرینڈ کررہا ہے اسے آگے بڑھاتے رہیں، وجاہت سعید خان کے وی لاگ کے مطابق 9 مئی کا فالس فلیگ مین اسٹریم تک پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 7 مئی کو جبران الیاس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی شرانگیزی کو سراہتے ہوئے رؤف حسن کو پیغام بھیجا کہ پچھلے 7 روز میں سب نے بہت اچھا کام کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ہماری 9 مئی فالس فلیگ آپریشن کی مہم انتہائی موثر رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے جبران الیاس کا کہنا تھا کہ لگتا ہے جو متوقع پریس کانفرنس 9 مئی کو ہونی تھی وہ اب 7 مئی کو ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مئی14 کے پیغام میں جبران الیاس نے رؤف حسن سے سوشل میڈیا پروپگینڈسٹ کے لیے تنخواہوں کا تقاضہ کیا جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا باقاعدہ منظم منصوبے کے تحت پھیلایا جاتا ہے۔

جبران الیاس نے رؤف حسن سے کہا کہ کیا آپ سوشل میڈیا والوں کی تنخواہیں جاری کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ جب ان کی تنخواہیں روکی جاتی ہیں تو وہ بہت تذلیل محسوس کرتے ہیں۔

ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ جبران الیاس کی رؤف حسن کے ساتھ گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ جبران الیاس کا بیانیہ 9 مئی کی شرپسندی کے گرد گھومتا ہے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مذکورہ بالا تمام واٹس ایپ پیغامات سے یہ بات واضح ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر جبران الیاس کی مکمل گرفت ہے جو اس وقت غیر ملکی سرزمین پر بیٹھا ہے، جبران الیاس کے پس پردہ بھارتی اور صہیونی لابیز ہیں اور انہی کی ہدایات اور پالیسی کے مطابق یہ شخص سوشل میڈیا کو چلا رہا ہے، بیرونی ایماء پر9 مئی سانحے کو متنازع بنانے کی پلاننگ میں جبران الیاس اور روف حسن کا اہم کردار ہے ۔

سیاسی تجزیہ نگاروں نے ان پیغامات سے یہ بات اخذ کی ہے کہ عدلیہ میں ججز کے سیاسی کیسز میں دیے گئے ریمارکس کو بطور ریاست مخالف پروپگینڈا استعمال کیا جا رہا ہے، بیرون ملک بیٹھے ذرائع ابلاغ کے نام نہاد نمائندے بھی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیہ کو پھیلانے میں مدد دے رہے ہیں۔جبران الیاس کا سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی تنخواہوں کا تقاضہ کرنا اس بات کا کلیدی ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Rauf Hassan

jibran ilyas