Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بڑی رقم کی منظوری

شہر کراچی کی بہتری کے لیے کے ایم سی فوری کام شروع کروائے، وزیراعلیٰ سندھ
شائع 18 ستمبر 2024 03:18pm

سندھ حکومت نے کراچی میں بارش سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں بارشوں کے باعث متاثر سڑکوں کی مرمت سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیرمنصوبہ بندی وترقی ناصرشاہ، وزیربلدیات سعیدغنی اور چیف سیکریٹری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں کراچی میں بارشوں کے دوران متاثرہ سڑکوں کی مرمت کے لیے ڈیڑھ ارب روپےکی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزیر بلدیات سعید غنی نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع میں سڑکوں کے پچ ورک کی ضرورت ہے، یہ تمام سڑکیں بارشوں میں خراب ہوچکی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2022 کی بارشوں کے بعد تمام سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کروائی تھی، سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ سندھ حکومت کے ایم سی اور کے ڈی اے کو مرمت کے فنڈ دیتی رہتی ہے۔

صوبائی وزیربلدیات سعید غنی نے کہا کہ ہم کراچی کی سڑکوں کا سروے کر رہے ہیں، سروے میں یہ بھی معلوم کر رہے ہیں وہ سڑک کب خراب ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیر یا مرمت کی گئی سڑکیں اگر وقت سے پہلے خراب ہوئی ہیں تو اس کی انکوائری کریں یہ انکوائری کریں، وہ سڑک کس نے بنائی اور کیوں خراب ہوئی جس نے بھی سڑکوں کا ناقص کام کیا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں، میں چاہتا ہوں کہ سڑکوں کی مرمت یا تعمیر کا کام بہترین معیار کا ہو۔

مراد علی شاہ نے کے ایم سی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جو سڑکیں تعمیر کریں اس کا نکاسی آب کا نظام بھی بنائیں، ہر سڑک کی سروس لائن بھی ضروری بنائی جائے، ضلع جنوبی، شرقی، وسطی، غربی، کورنگی اور ملیر میں فلائی اوورز اور پلوں کی مرمت اور تعمیر ہونا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان تمام کاموں کی مرمت و تعمیر کے لیے 1.5 بلین کی ضروت ہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کراچی کی بہتری کے لیے کے ایم سی فوری کام شروع کروائے۔

CM Sindh

Murad Ali Shah

karachi

Syed Murad Ali Shah

Construction and repair of roads