Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نبی کریم ﷺ کی تعلیمات تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے۔
شائع 17 ستمبر 2024 09:36pm

وزیراعظم عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ حضور نبی اکرم ﷺکی ولادت باسعادت کا دن ہے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور حضور ﷺکی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کریم ﷺکی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہی ملک کے تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر معاشرتی انصاف اور فلاحی ریاست کا قیام ہی ترقی کا ضامن ہے آپ ﷺکی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے، معاشرے میں گالی گلوچ، عدم برداشت، بدکلامی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، تفرقہ بازی سے بچنا ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقسیم، دشمن کا ایجنڈا ہے جسے ہمیں مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ عاشق رسول ہونے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے ہاتھ اور زبان سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ۔حضور اکرم ﷺ نے جہالت اور قتل و غارت پر فخر کرنے والے معاشرے کو بدل کر رکھ دیا اور صحرا نشین کہلانے والے دنیا کے امام بن گئےاور یہی وجہ تھی کہ آپ کی سچائی اور ایمانداری کی گواہی دشمن بھی دیتے تھے۔آپ ﷺکے اخلاق کو قرآن کی تفسیر بتایا گیا۔آپ دوسروں کا بوجھ اٹھاتے اور دشمنوں سے بھی اخلاق سے پیش آتے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اسلامی تاریخ کے اس روشن پہلو کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جہاں ہر شخص کو انصاف اور مساوی حقوق مل سکیں۔قبل ازیں تقریب کے شرکا سے مفتی نعیم بٹ نے سیرت نبوی پر خطاب کرتے ہوئے نبی ﷺکی زندگی کے کئی پہلووں پر روشنی ڈالی۔

محفل میلاد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین سمیت پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

PM SHAHBAZ SHARIF

12 Rabi ul Awwal