Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا پھل پنجاب کے عوام کو مل گیا

ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھاری کمی کردی
شائع 17 ستمبر 2024 04:00pm

پنجاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر عوام کو ریلیف مل گیا ہے، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں تیس سے ستر روپے تک کمی کر دی ہے۔

پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جب پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوتی ہے مریم نواز اور ان کی ٹیم کرایوں میں کمی کے لیے متحرک ہوتے ہیں، مریم نواز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کرایوں میں ہر صورت کمی ہو۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 12 پیسے کمی کی گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیٹرول سستا ہونے پر پنجاب کے علاوہ کسی صوبے میں آج تک کرایوں میں کمی نہیں ہوئی، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کیے گئے کرایے مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ پر کرایوں میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے، تمام بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کرایوں کا شیڈول خود چیک کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سختی سے ہدایات ہیں کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، پیٹرول و ڈیزل سستا ہونے کا ریلیف مسافروں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کرایوں میں کمی کی تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔

petroleum prices

azma bukhari

transport fare