Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیریئر ہال سے غائب پینٹنگز ’کبھی میں کبھی تم‘ میں دکھانے کا معاملہ، صوبائی وزیر اِن ایکشن

کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی
اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2024 08:54pm
How did the paintings disappear? Notice of Aaj News

فیریئر ہال سے پینٹنگز غائب ہونے کا معاملہ پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے انکوائری کیلئے دو رکنی کمیٹی بنادی۔

پینٹگ غائب ہونے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستان اور بھارت میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والے پاکستانی ڈرامے ”کبھی میں کبھی تم“ پر چوری کا الزام عائد کیا گیا۔

ڈرامے کی ایک قسط میں عدیل اور رباب کی سہیلی نتاشا کے درمیان بڑھتی قربتوں کو دکھایا گیا ہے، جو رباب سے چھپ چھپ کر ملاقات کرتے ہیں۔ اسی ملاقات کے دوران ایک سین ایسا بھی منظر عام پر آیا جب عدیل اور نتاشا کو ایک گیلری میں پینٹنگز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے دیکھا گیا۔ جس نے سوشل میڈیا پر کہرام مچا دیا۔

اس سین کے وائرل ہوتے ہی فن پارے کے اصل مصور کا بیان منظر عام پر آگیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ڈرامے میں ان کی بنائی گئی پینٹنگ بغیر اجازت استعمال ہوئی ہے۔

آرٹسٹ سیفی سومرو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر طویل پوسٹ جاری کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ اس پروجیکٹ میں ان کے اصل فن پاروں کو ان کی اجازت کے بغیر شامل کیا گیا جس سے ان کی تخلیقی ملکیت کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

سیفی سومرو نے 11 ستمبر کو ایک پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 2017 میں اپنی پینٹنگز فریئر ہال کراچی میں ایک نمائش کے لیے لے کر گئے تھے، لیکن نمائش کے بعد انہیں وہ پینٹنگز واپس نہیں ملیں۔

معاملے جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے انکوائری کیلئے دو رکنی کمیٹی بنادی۔

کمیٹی ڈی جی کلچر منور مہیسر، ڈی جی اینٹیکیوٹیز عبدالفتح شیخ پر مشتمل ہے۔

کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرکے 7 روز میں تفصیلی رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی۔

kabhi main kabhi tum

Seffy Soomro

Stolen Paintings