کیا زمین کو ایک نیا چاند ملنے والا ہے؟
ماہرین کہتے ہیں ہماری زمین کو بہت جلد ایک نیا چاند ملنے والا ہے۔ یہ چاند دراصل خلا میں آوارہ گردی کرنے والی چھوٹی سی چٹان ہے جو زمین کی کششِ ثقل سے کِھنچ کر اِس کی طرف آجائے گی تاہم یہ مدار میں پوری گردش نہیں کرپائے گی۔
یہ نام نہاد نیا چاند دراصل زمین کے گرد بھٹکتے ہوئے مختلف اجسام میں سے ہے۔ اس کے لیے زمین کی کشش سے بچنا بہت حد تک مشکل ہوگا جس کے باعث یہ زمین کی مدار میں آجائے گا۔
یہ خلائی چٹان، جسے asteroid 2024 PT5 کا نام دیا گیا ہے، 7 اگست 2024 کو دریافت ہوئی ہے۔ ایسی خلائی چٹانیں زمین کے نزدیکی راستوں پر دریافت کی جاتی رہتی ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ 33 فٹ قطر والی یہ خلائی چٹان 29 ستمبر سے 25 نومبر تک زمین کے مدار میں گھومتی رہے گی تاہم یہ مدار میں مکمل گردش کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی۔
25 نومبر کے بعد یہ خلائی چٹان زمین کی کشش سے آزاد ہوکر دوبارہ سورج کے گرد گردش کرنے لگے گی۔ امریکن ایسٹرونومیکل سوسائٹی کے تحت شائع ہونے والے ایک تحقیقی مقالے میں محققین نے لکھا ہے کہ زمین کے نزدیک پائے جانے والے بہت سے اجسام (NEOs) عام طور پر گھوڑے کی نال جیسا راستہ اختیار کرتے ہیں۔
یہ کبھی کبھی زمین کے اتنے نزدیک آجاتے ہیں کہ اس کی کشش سے کئی دن یا کئی ماہ تک بندھ جاتے ہیں۔ پھر رفتہ رفتہ زمین کی گرفت ان پر کمزور پڑتی جاتی ہے اور یہ دوبارہ اپنے راستوں کی طرف لَوٹ جاتے ہیں۔
Comments are closed on this story.