’عدالتی اصلاحات کا بل خطرناک ثابت ہوگا‘، حافظ نعیم نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کیلئے حکومت متحرک ہے اور حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور انہیں آئینی ترمیم پر حکومت کا ساتھ دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت عدالتی اصلاحات کے نام پر مرضی کے ججز کی تعیناتی میں ملوث ہونے سے باز رہے نیا مسئلہ پیدا نہ کرے، نہ کسی جنرل کی چھڑی بڑی ہے نہ کسی کی رِٹ پاکستان سے بڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو ملکی سلامتی پر بات کرنا پڑے گی، لکی مروت یا بنوں میں جرگہ کامیاب ہو سکتا ہے تو پورے ملک کہیں بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمن کا کہنا ہے امریکہ سے زیادہ امریکہ غلامی کا مسئلہ ہے، اگر بھارت یا یورپ ایران سے گیس لے سکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بات چیت بند کرنا حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے، ضمنی انتخاب پر کوئی اعتبار کرنے کو تیار نہیں، اس الیکشن کمیشن کی موجودگی میں کسی بھی الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔
Comments are closed on this story.