Aaj News

بدھ, ستمبر 18, 2024  
13 Rabi ul Awal 1446  

میجر عزیز بھٹی شہید کا 59 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، پاک فوج کا زبردست خراج تحسین

میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آئی ایس پی آر
شائع 12 ستمبر 2024 09:54am

1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کا 59 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، جرات اور بہادری کی روشن علامت میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی جنگ میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، جس پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج پاکستان نے میجر راجہ عزیز بھٹی (نشانِ حیدر) کو ان کی 59ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کوئی شک نہیں کہ شہید کی موت قوم کے لیے حیات کا ایک نیا پیغام ہوتی ہے، ایسا ہی ایک پیغام جنگ ستمبر 1965 ءکے دوران آج کے دن، واحد نشانِ حیدر پانے والے میجر عزیز بھٹی نے بھی دیا تھا۔

لاہور کے محاذ پر 6 ستمبر کی صبح کو ہونے والا بھارتی حملہ اگرچہ روکا جا چکا تھا لیکن محاذ پوری طرح سے گرم تھا، ہر طرف سوائے دھوئیں،دھول اور بارود کے سوا کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا، ایسے میں میجر عزیر بھٹی کو لاہور کے علاقے برکی میں ایک کمپنی کی کمان کرتے ہوئے 120 گھنٹے گزر چکے تھے۔

9 اور 10 ستمبر کی رات کو دشمن کے بے پناہ دباؤ کے باعث میجر عزیز بھٹی نے اپنے دستوں کے ہمراہ بی آربی نہر کے لاہور کی طرف والے کنارے پر پہنچ کر مزاحمت جاری رکھی۔

میجر عزیز بھٹی نے نہر کے اِس کنارے پر پہنچ کر اپنی کمپنی کو نئے سرے سے منظم کیا، دشمن اپنے چھوٹے ہتھیاروں، ٹینکوں اور توپوں سے بے پناہ آگ برسا رہا تھا مگر میجر عزیز بھٹی اس شدید دباؤ کا سامنا کرتے رہے، اسی دوران دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ اُنہیں آلگا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گئےلیکن دشمن کو یہ پیغام دے گئے کہ تم کبھی بھی لاہور کی دہلیز تک نہ پہنچ پاؤ گے۔

میجر عزیربھٹی کو اُن کی شہادت کے بعد نشانِ حیدر سے نوازا گیا جو اِس جنگ کے دوران نشان حیدر پانے والے واحد شہید تھے۔

پاک فوج کا خراج عقیدت

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے بہادرانہ اقدامات نے بے شمار لوگوں کو بہادری اور قربانی کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج میجر عزیز بھٹی کی یاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو کہ جوانوں کی نسلوں کو عزت اور وقار کے ساتھ ملک کا دفاع کرنے کی تحریک اور ترغیب دیتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے شہداء کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کا خمیازہ ہمت اور لچک کے ساتھ برداشت کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئیے پاکستان کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے میجر عزیز بھٹی، نشان حیدر اور اپنے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں۔

میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر تقریب

دوسری جانب گجرات میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، میجر جنرل محمد شمریز نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور سلامی دی گئی۔

ISPR

Death Anniversary

Nishan e Haider

Major Raja Aziz Bhatti