Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا

مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرادیا گیا
شائع 11 ستمبر 2024 03:53pm

مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرادیا گیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں مزید ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا، قیمتوں میں اضافے کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کردی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی اپریل تا جون 2024 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ صارفین سے بجلی کی قیمت میں اضافےکی وصولی ستمبر تا نومبر 2024 کے 3 ماہ میں کی جائے گی، جس سے صارفین پر اضافے کا 43 ارب 23 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی سابق واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں کو 43.23 ارب روپے کی فراہمی کے لیے نیپرا نے ملک بھر میں 3 ماہ کے لیے ستمبر سے نومبر تک کے لیے بجلی کے نرخوں میں تقریبا ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔

نیپرا نے مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے کپیسٹی چارجز میں تبدیلی، متغیر آپریشن اور مینٹیننس، اضافی فروخت پر اضافی وصولی، سسٹم کے استعمال کے چارجز، مارکیٹ آپریٹر فیس، اور ترسیل و تقسیم کے نقصانات پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے اثرات کی بنیاد پر 4323 ارب روپے کی مثبت ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا ہے۔

نیپرا نے کہا کہ مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے 4323 ارب روپے کی مثبت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو تین ماہ یعنی ستمبر سے نومبر 2024 کے دوران تقریبا ایک روپے 74 پیسے فی کلو واٹ گھنٹہ کے یکساں نرخ پر لاگو ہوگی، یہ اضافہ لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے علاوہ تمام صارفین پر لاگو ہوگا۔“

یہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگی۔

nepra

اسلام آباد

electricity

K Electric

electricity prices

National Electric Power Regulatory Authority