Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی رہنماؤں کی قومی اسمبلی سے گرفتاری پر اسپیکرقومی اسمبلی کا بڑا فیصلہ

اسپیکر قومی اسمبلی میں آج اجلاس میں رولنگ دی تھی کہ وہ سارے معاملے کو خود دیکھیں گے
اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2024 11:09pm

پی ٹی آئی رہنماؤں کی قومی اسمبلی سے گرفتاری پر اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔

پارلیمنٹ ہاوس کے گیٹ پر ہونے والی اراکین اسمبلی کی گرفتاریوں پر سخت ایکشن کا فیصلہ کر لیا، اسپیکر ایاز صادق نے سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق احمد کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی۔

اسپیکر نے ہدایت کی کہ کمیٹی پارلیمنٹ ہاوس کے تمام کیمروں کی فوٹیجز کا مکمل جائزہ لے، کمیٹی 48 گھنٹوں میں سارے واقعہ کی مکمل رپورٹ جمع کرائے، پارلیمنٹ کا تقدس پامال کرنے والوں سے کوئی رورعایت نہیں ہوگی۔

ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ، پولیس سمیت جو بھی محکمہ توہین پارلیمنٹ کا مرتکب ہوا اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔

پارلیمنٹ ہاوس کی بجلی بند کئے جانے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

قومی اسمبلی سے گزشتہ شام ٹی آئی رہنماؤں کی اسمبلی سے گرفتاری پر اسپیکر قومی اسمبلی نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد پوری صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی میں آج اجلاس میں رولنگ دی تھی کہ وہ سارے معاملے کو خود دیکھیں گے۔

9 ستمبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد پولیس نے قومی اسمبلی کو گھیر کر ریڈ زون سیل کر دیا تھا، اور اسمبلی سے نکلنے والی گاڑیوں کی تلاشی شروع کی تھی۔

اس دوران شیر افضل مروت کی گاڑی باہر آئی تو انہیں گرفتار کرلیا گیا، پھر چئیرمین پی ٹی آئی کی گاڑی روکی گئی اور انہوں نے خود باہر آکر گرفتاری دے دی۔ گرفتاریوں کی خبر جب اسمبلی میں پہنچی تو پی ٹی آئی کے دیگر اراکین اسمبلی میں ہی رُک گئے، اس دوران زرتاج گل پولیس کو چکما دے کر اسمبلی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی شواہد کے مطابق کسی پارلیمنٹرین کو قومی اسمبلی نے اندر سے گرفتار نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کل کے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔

National Assembly