Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

روسی صدر کے خفیہ بچے کہاں ہیں؟ پیوٹن کی فیملی کے حوالے سے ہوشرُبا انکشافات

ڈوزیئر سینٹر نامی صحافتی تنظیم نے کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا
شائع 10 ستمبر 2024 07:28pm

آپ نے اکثر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اکیلے دیکھا ہوگا، وہ کبھی اپنی فیملی کے ساتھ نظر نہیں آئے، لیکن کیا اس کامطلب یہ ہے کہ ان کی کوئی فیملی نہیں؟ جبکہ روسی میڈیا نے اس کے برعکس انکشاف کیا ہے۔

روسی ویب سائٹ ”ڈوزیئر سینٹر“ کا دعویٰ ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے دو خفیہ بیٹے ہیں، جو دنیا کی نظروں سے دور ایک انتہائی محفوظ مینشن میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

ڈوزیئر سینٹر نامی صحافتی تنظیم کے مطابق نو سالہ ایوان اور پانچ سالہ ولادیمیر جونیئر سال کا بیشتر حصہ ماسکو کے شمال مغرب میں جھیل والڈائی کے قریب اپنے والد کے وسیع اور عالیشان مینشن میں گزارتے ہیں۔

ڈوزیئر سینٹر کا دعویٰ ہے کہ ان بچوں کی والدہ سابق اولمپک ردھمک جمناسٹ ”الینا کبائوا“ ہیں جن کے ایک دہائی سے پیوٹن کے ساتھ تعلقات ہیں، اور یہ ایک کھلا راز ہے۔

رپورٹ کے مطابق روسی صدر کے دونوں خفیہ بیٹوں میں سے ایوان 2015 میں سوئس شہر لوگانو کے سینٹ اینا میٹرنٹی کلینک میں پیدا ہوا تھا، جب کہ دوسرے بیٹے ولادیمیر جونیئر کی پیدائش 2019 میں ماسکو میں ہوئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دونوں خفیہ بچے گورنس، آیاؤں، ٹیچرز اور کریملن فیڈرل گارڈ کے اہلکاروں سے گھرے رہتے ہیں اور ایک بڑے لیگو سیٹ اور آئی پیڈ کے ساتھ کھیلنے میں وقت گزارتے ہیں۔

’امریکی جاسوس برسوں تک روسی صدر کی رہائشگاہ میں ملازم رہا‘

ولادیمیر ریزیڈنس کے عملے کے ایک رکن کی مدد سے مرتب کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’انہیں زیادہ تر اکیلے یا بڑوں کے ساتھ کھیلنا پڑتا ہے۔ وہ اپنے والدین سے صرف رات کو مل پاتے ہیں‘۔

رپورٹ کے مطابق ان بچوں کے پالتو جانوروں میں دو بونے گھوڑے، خرگوش اور ایک سینٹ برنارڈ نسل کا کتا شامل ہیں، جن کی دیکھ بھال کریملن کے محافظ کرتے ہیں۔

روسی صدر کے عالیشان میشن میں عملے کو 6500 پاؤنڈ تنخواہ کی پیشکش کی جاتی ہے، تاہم انہیں کمپاؤنڈ چھوڑنے سے منع کیا جاتا ہے۔

پیوٹن نے کبھی عوامی سطح پر ان بچوں کا براہ راست کوئی حوالہ نہیں دیا۔ تاہم ستمبر 2024 کے پہلے ہفتے کے دوران روسی صدر نے سائبیریا میں ایک اسکول کے بچوں کو بتایا کہ ’میرے خاندان کے افراد اور چھوٹے بچے چینی زبان بھی بولتے ہیں‘۔

ڈوزیئر سینٹر کے مطابق یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ یہ بچے انگریزی اور جرمن زبانیں بھی سیکھ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پیوٹن کے ان بیٹوں کا سرکاری ڈیٹا بیس میں اندراج نہیں۔ بچپن سے ہی ان کی جعلی دستاویزات بنائی گئی ہیں، جن کا مقصد جاسوسوں اور ریاست کے تحفظ کرنے والے افراد کے لیے بنایا جانا ہے۔

ڈوزیئر سینٹر نامی صحافتی تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کی تاریخ پیدائش صرف ان کے قریبی رشتہ داروں کو معلوم ہے۔ وہ باقاعدہ کمرشل پروازوں میں سفر نہیں کرتے بلکہ ان کے پاس الگ طیارے ہیں۔

روس کا سیاستدانوں کو زہر دیکر ہلاک کرنے کا خفیہ منصوبہ

رپورٹ کے مطابق روسی صدر کے دونوں خفیہ بچے کنڈرگارٹنز یا اسکولوں میں بھی نہیں جاتے ہیں بلکہ ان کو نجی طور پر بھرتی کی گئی گورنس پڑھاتی ہیں، جو اسی رہائش گاہ میں رہتی ہیں اور جن کی حفاظت ایف ایس او کرتی ہے۔ وہ کشتیوں اور بکتر بند ٹرینوں پر بھی سفر کرتے ہیں۔

فروری اور مارچ میں یہ بچے کراسنایا پولیانا ریزورٹ کے قریب ایک پرتعیش رہائش گاہ میں منتقل ہو جاتے ہیں جہاں وہ اِسکینگ سیکھ رہے ہیں۔

وہ جولائی اور اگست کو پرتعیش کشتی پر گزارتے ہیں جو عام طور پر فن لینڈ، گلف، بحیرہ اسود اور روس کی شمالی جھیلوں پر تیرتی ہیں۔

Vladimir Putin

Russia President

Kids of Putin

Putin's Girlfriend

Putin's Family