Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

سینیٹ میں ہنگامہ، خاتون پی ٹی آئی سینیٹر نے گالی دیدی، رکنیت معطل

سارجنٹ ایٹ آرمز کو بلاکر فلک ماز کو باہر پھنکوائیں، ایوان میں گالی دینا کسی کا حق نہیں، فیصل واوڈا
اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2024 07:02pm

سینیٹ اجلاس میں سینیٹر واوڈا کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی پر چئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے فلک ناز چترالی کو معطل کردیا۔

اس حوالے سے فیصل واوڈا نے سینیٹ میں کہا کہ کھلے عام گالیاں چل رہی ہیں اور ہم جواب بھی نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سارجنٹ ایٹ آرمز کو بلاکر فلک ماز کو باہر پھنکوائیں، ایوان میں گالی دینا کسی کا حق نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ فلک ناز کی رکنیت معطل کی جائے۔

چیئرمین سینٹ نے فلک ناز کے الفاظ حذف کردئیے۔

جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ گالی دی گئی ہے صرف حذف کرنا کافی نہیں، اگر فلک ناز کو معطل نہ کیا گیا تومیں دوگنا گالی دوں گا۔

جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فلک ناز نے اگر معذرت نہ کی تو معطل کردوں گا۔

فیصل واوڈا بولے یہ پاکستان کی ریاست کو چیلنج ہے، یہاں گالیاں دی جا رہیں ہم خاموش ہو جائیں؟ آپ ہماری ماؤں بہنوں کو گالیاں دیں ہم برادشت کریں گے؟ آپ لوگ فیض حمید کی گود میں بیٹھ کر آئے، ہمیں بتا رہے ہو کہ ہم آپ کو عزت دیں؟ ہم نے اس پارٹی کو پیسا دیا ہوا ہے۔

جس پر حکومت اور اپوزیشن ارکان چئیرمین ڈائس کے سامنے اکٹھے ہو گئے۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی آئی کی خاتون سینیٹر کو معطل کردیا، نازیبا الفاظ ادا کرنے پر فلک ناز چترالی کو دو دن کیلئے معطل کیا گیا۔