کلکتہ ٹرینی ڈاکٹر کے قتل کیخلاف 25 ممالک میں احتجاج شروع
بھارت میں لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے خلاف جہاں پر زور احتجاج کیا گیا وہیں ہندوستانی کمیونٹی سے وابستہ ہزاروں افراد نے بھی کلکتہ ریپ و قتل کیس کے خلاف بروز اتوار 25 ممالک میں احتجاج شروع کردیا۔
احتجاج میں مظاہرین نے عصمت دری کا شکار بننے والی خاتون ڈاکٹر کو انصاف دلوانے اور مجرم کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کیا۔
بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کے مطابق جاپان، آسٹریلیا، تائیوان اور سنگاپور جیسے ممالک میں بھی چھوٹے بڑے گروپس کے مظاہروں کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں احتجاج یورپ کے شہروں تک پھیل گیا، امریکا کے بھی 60 مقامات پراحتجاج کیا گیا۔
سویڈن کے سٹاک ہوم میں سیاہ لباس میں ملبوس خواتین کا ایک بڑا گروپ سرجیلز ٹورگ نامی چوک میں اکٹھا ہوا۔ جہاں انہوں نے بنگالی زبان میں گیت گائے اور ہاتھوں میں احتجاجی پوسٹرز بھی تھام رکھے تھے۔ انہوں نے جرم میں ملوث مجرم کو سزا دینے اور بھارت میں خواتین کی حفاظت کا مطالبہ کیا۔
عالمی احتجاج کی ایک منتظم دیپتی جین نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران نوجوان ڈاکٹر پر کیے گئے اس گھناؤنے جرم کی خبر سے ہم میں سے ہر کوئی بے حسی، سفاکیت اور انسانی زندگی کی بے توقیری پر صدمے میں ہے۔
دیپتی جین ، جو اب برطانوی شہری ہیں اور کلکتہ نیشنل میڈیکل کالج اور ہسپتال کی سابق طالبہ ہیں،انہوں نے گزشتہ ماہ برطانیہ میں خواتین ڈاکٹروں کے احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔
Comments are closed on this story.