Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پاک میرپور میں نمائش کیلئے پیش

41 فٹ لمبا اور 8.5 فٹ چوڑا قرآن پاک معروف مذہبی سکالر اور کیلیگرافر پیر امتیاز حیدر شاہ نورانی مجددی نے لکھا
شائع 08 ستمبر 2024 10:10pm

دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پاک آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور میں نمائش کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

میرپور میں کشمیر پریس کلب میں دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا ایک نادر اور شاندار ہاتھ سے لکھا ہوا نسخہ عوام کی زیارت کے لیے نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

41 فٹ لمبا اور 8.5 فٹ چوڑا قرآن پاک معروف مذہبی سکالر اور کیلیگرافر پیر امتیاز حیدر شاہ نورانی مجددی نے لکھا ہے، جس پر اسلامی خطاطی کا کمال ہے۔

اتوار کو شروع ہونے والی اس تین روزہ نمائش میں زائرین اس مقدس مخطوطہ کو دیکھ سکیں گے جو تمام آیات کے اردو ترجمے کے ساتھ مکمل ہے۔

خطاط پیر امتیاز حیدر شاہ نورانی مجددی نے بتایا کہ مخطوطہ کو مکمل کرنے میں 425 دن اور اسے جمع کرنے میں تین ماہ لگے۔ اس سے قبل قرآن پاک پاکستان کے مختلف شہروں میں نمائش کیلئے پیش کیا جاچکا ہے اور اب پہلی بار میرپور لایا گیا ہے۔

اس مقدس تقریب کے لیے کشمیر پریس کلب کا انتخاب کیا گیا ہے جو کہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم نعمت اور اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ کے پی سی کے صدر سید عابد حسین شاہ نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ زیارت تین دن تک 10 ستمبر تا منگل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

World's Longest Quran