Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے، چار سے پانچ دن کا راشن اٹھانا ہے، شیر افضل مروت

ہم مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے، علی امین گنڈا پور
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2024 10:36pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل خان مروت کا کہنا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے، علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

شیر افضل مروت نے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کا باپ پی ٹی آئی کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، آج کے جلسے میں نے ایک ضروری اعلان کرنا ہے، ہم نے فیصلہ کیاہے کہ ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے، علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی جلسے کے قریب ہوٹل، گیسٹ ہاؤس بند، شرکا کو کھانا اور رہائش دینے پر پابندی

انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے لوگوں نے ہمیں طعنے دئیے کہ پنجاب میں جلسہ کرکے دکھاؤ، ہم پنجاب میں داخل ہوں گے، خیبرپختونخوا کے کم از کم 50 ہزار لوگ میرے ساتھ ہونے چاہئیں، چار سے پانچ دن کا راشن بھی اٹھانا ہے اگر راستے میں پیدل چلنا پڑا تو ہم چلیں گے۔

پنجاب سے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کم کیوں؟ فواد چوہدری نے بتا دیا

’اڈیالہ جیل اس وقت جائیں گے جب بانی رہا ہوں گے‘

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ سن لو طاقتور لوگوں، انقلاب اپنے دھانے پر کھڑا ہے، عوام تیار ہے، عوام نکل چکی ہے، عوام گھروں سے نکل کر آچکی ہے، آج عوام کہہ رہی آپ حکم دیں اڈیالہ جیل جانے کا، لیکن ہم اڈیالہ جیل ایسے نہیں جائیں گے، ہم اڈیالہ جیل اس وقت جائیں گے جب بانی رہا ہوں گے، عوام کی طاقت سے عوام کی چابی سے اڈیالہ جیل کا تالہ کھلے گا، سن لو طاقتور لوگوؐ بانی پی ٹی آئی پاکستان کی ضرورت ہے۔

’جو کہتے تھے پنجابی نہیں نکلتے آج دیکھ لو‘

اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج سب رکاوٹیں ہٹا کر لوگ جلسے میں پہنچے ہیں، یہ کہتے تھے 8 ستمبر کو جلسہ نہیں ہوگا، جو کہتے تھے پنجابی نہیں نکلتے آج دیکھ لو جلسے میں پنجابی موجود ہیں، عوام بانی پی ٹی آئی کی اصل طاقت ہیں، جو ہمارے راستے میں آئے گا عوام اس سے ٹکرائے گی۔

’بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا تو پورے ملک میں تحریک چلائیں گے‘

تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کیا کہ لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، دراصل پی ٹی آئی میں تنطیم کی کمی ہے، اسٹیج پر چڑھتے ہوئے کپڑے پھٹ جاتے ہیں، جیبیں کٹ جاتی ہیں، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیغام دینا چاہتا ہوں آج تک دنیا میں جتنے بھی انقلاب ہوئے ہیں، چاہے مذہبی یو یا سیاسی، کسی بھی انقلاب کو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی حمایت حاصل نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ آپ کا انقلاب کیوں نہیں ہورہا، تو اس کی بنیادی وجہ تنظیم کا نہ ہونا ہے کیوں کہ انقلاب کے لیے بنیادی شرط تنظیم ہوتی ہے، آپ لوگوں کا عمران خان سے محبت اورعشق اپنی جگہ لیکن تنظیم کی کمی ہے۔

تحریک انصاف میں اختلافات، اہم رہنماؤں کو پی ٹی آئی اجتماع کیلئے مدعو نہیں کیا گیا

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ اور بالکل درست کہا تھا کہ ہم انقلاب لائیں گے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا انقلاب ووٹ کے ذریعے آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت مقتدر سیاسی لوگ یہ کہتے ہیں کہ فارم 45 اور 47 میں کوئی فرق نہیں لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ فارم 47 والے چور اور ڈاکو ہیں، آج ہماری اسٹیبلشمنٹ کو یہ بات پتہ ہے کہ شہباز کی یہ حکومت دھونس، بے ایمانی، چوری اور پسوں سے آئی ہے، ان کی حمایت کرنا قرآن پاک یہ آیت کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کرنا چاہتا ہوں کہ لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، یہ بہت بری بات ہے، آج بھی اگر صرف یہی مجمع طریقے سے آگے بڑھے اور حکومت کو 10 سے 15 دن کا وقت دیں، اگر 15 دن میں عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو پورے ملک میں سیاسی تحریک شروع کردیں گے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہم سب اکھٹے ہوکر اعلان کریں کہ پاکستان کے ہر ضلع میں تحریک چلانی ہے، نہ ہمارا راستہ فوج روک سکتی ہے اور نہ پولیس روک سکتی ہے، صرف عوام کا راج ہوگا۔

’بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونے دیں گے‘

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ ریاست بھی عوام ہے، اسٹیبلشمنٹ بھی عوام ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونے دیں گے، بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل کرنا ہے تو ہماری لاشوں سے گزر کر کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی ملک کی شان ہے۔

’بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں جھکے گا‘

پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے نامزد امیدوار بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آپ پر دو سال سے ظلم ہو رہا ہے، آپ لوگ جھکے نہیں آپ لوگوں نے مقابلہ کیا، آپ لوگوں نے تشدد برداشت کیا، آپ لوگوں نے جیلیں جھیلیں، آپ کے گھروں پر چھاپے مارے گئے گھر والوں کو اٹھایا گیا، بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں جھکے گا، وقت کے یزید کا مقابلہ آخری دم تک کرے گا۔

پی ٹی آئی جلسے میں جانے والی بس کو حادثہ، متعدد کارکنان زخمی

شاہ محمود قریشی کا پیغام

شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے اپنے والد کے پیغام سے عوام کو آگاہ کیا اور کہا کہ شاہ محمود قریشی کا پیغام ہے متحد رہیں۔

’ثابت ہوگیا کہ پوری قوم قیدی نمبر 804 کے ساتھ ہے‘

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج کے تاریخی جلسے پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج بانی پی ٹی آئی کا جذبہ بول رہا ہے، آپ سب بانی پی ٹی آئی کا جذبہ اور جنون ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کہتے تھے اسلام آباد کو پنجرہ نہیں بنانا، آج پھر حکومت نےاسلام آباد کو پنجرہ بنادیا، جعلی حکومت رات کے اندھیرے میں قانون سازی کرتی ہے، جعلی حکومت خود کو این آر او دینے کیلئے قانون سازی کرتی ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک حقیقت ہیں انہیں تسلیم کرنا پڑے گا، یہ 90ء کی دہائی نہیں کہ کسی کو مائنس کردیا جائے، بانی پی ٹی آئی کو مائنس نہیں کیا جاسکتا، بانی پی ٹی آئی لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، آج بلوچستان ہمارےہاتھ سے نکل رہا ہے، آج عدالتوں میں مرضی کے ججز لگائے جارہے ہیں، مرضی کے کورٹ اور مرضی کے ججز کا وقت گزر چکا، ہم مرضی کی کورٹ اورججز کی مخالفت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عوام کی بات کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی جلد ہمارے درمیان ہوں گے، بانی پی ٹی آئی جلد دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ان کی مرضی کے فیصلے قبول نہیں، ہم ملک اور جمہوریت کیلئےنکلےہیں، حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ عوام کوغیر اہم نہ سمجھیں، حکمران عوام کا راستہ نہ روکیں، راستہ روکا گیا توایسا نہ ہو کہ ملک بند گلی میں چلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 6 ماہ سے جلسے کا انتظار کر رہے تھے، ہمارا جلسہ ناکام بنانے کیلئے کنٹینر کھڑے کیے گئے، کنٹینرز کے باوجود ہم سب جلسہ گاہ پہنچے، آج ثابت ہوگیا کہ پوری قوم قیدی نمبر 804 کے ساتھ ہے۔

’ظلم بند نہ ہوا تو ہم جانی جہاد کریں گے‘

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پختونخوا کے عوام نے اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا، میں پوری قوم کو خیبرپختونخوا آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ قوم اور مسلمانوں کی بات کی، بانی پی ٹی آئی نے دنیا میں ثابت کیا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے، موجودہ حکومت امریکا اور قادیانیوں کی غلام ہے، بانی پی ٹی آئی حق کی بات کرتے ہیں، حق کی آواز نہ اٹھانے والا مسلمان نہیں، جابر حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ظلم بند نہ ہوا تو ہم جانی جہاد کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ این آراو دینے والے بھی کرپشن کا حصہ ہیں، این آر او دینے والے ہار گئے، وہ جیل میں بیٹھ کر جیت گیا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بھی عزت مل رہی ہے، این آر او سے 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا؟

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ظلم ہورہا ہے اور ہم قراردادیں منظور کر رہے ہیں، آج کل ملک میں پیسے کی صحافت ہورہی ہے، لفافہ صحافی حکمرانوں سے سوال نہیں کرتے۔ یہ صحافی نہیں یہاں مینوں ووٹ وکھا میرا موڈ بنے کا معاملہ ہے، یہ میڈیا والے نوٹ لے کر ضمیر بیچتے ہیں، یہ بکاؤ میڈیا صحافت نہیں دلالی کر رہا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے ریاستی اداروں پر سخت تنقید بھی کی اور کہا کہ کوٸی بانی پی ٹی آٸی کا ملٹری ٹراٸل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے پی ٹی آٸی کا آٸندہ جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے، مریم نواز ہم سے پنگا نہ لینا، پنگا لیا تو وہ حال کریں گے کہ بنگلہ دیش بھی بھول جاٸیں گے، اب قوم دما دم مست قلندر کیلٸے تیار ہو جائے۔

Amir dogar

Sher Afzal Marwat

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa islamabad

8 September PTI Jalsa

PTI jalsa Sep 8