Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

منی پور مودی سرکار کے ہاتھوں سے نکلنے لگا

مذموم سیاسی مقاصد کیلئے میٹی اور کُکی برادری کو لڑوایا جارہا ہے، ڈرون اور راکٹ حملوں میں اضافہ
شائع 08 ستمبر 2024 05:32pm

بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور کے حالات بہت تیزی سے پھر بگڑ رہے ہیں۔ منی پور مودی سرکار کے ہاتھوں سے نکلنے لگا۔ بھارت میں اقلیتیں اپنے بنیادی حقوق اور بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ مودی سرکار کے تیسرے دورِ اقتدار میں بھارت کو شدید تر نسلی، لسانی اور مذہبی تعصبات کا سامنا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتہاپسندانہ پالیسیاں اپنے ہی ملک کے لوگوں کو نگلتی جارہی ہیں۔ بھارت میں اس وقت ریاستی سطح پر بہت سے طبقات اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور حکومتِ وقت سے برسرِپیکار بھی۔

منی پور ایک بار پھر عسکریت پسندی کی دلدل میں دھنستا جارہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ مودی سرکار معاملات کو سلجھانے کے بجائے اُنہیں مزید الجھا رہی ہے۔ منی پور کی میٹی اور کُکی کمیونٹیز کو سازش کے تحت آپس میں لڑوایا جارہا ہے۔

بی جے پی کی ریاستی حکومت طاقت کے ذریعے لوگوں کو خاموش کرنا چاہتی ہے۔ تشدد کی نئی لہر آنے سے منی پور کے دارالحکومت امپھال میں کئی دن سے کرفیو نافذ ہے۔ بھارتی افواج نے پورے علاقے کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔

علیحدگی پسندوں نے منی پور کے ضلع بشنوپور میں راکٹ حملے کیے ہیں جن سے ایک کمیونٹی ہال اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ سخت کرفیو اور وسیع پیمانے پر ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود مسلح افراد سول آبادی کو بار بار ٹارگٹ کر رہے ہیں۔

منی پور کے نواحی گاؤں میں 5 مکانات کو خاکستر کیا جاچکا ہے۔ کُکی کمیونٹی کے مسلح افراد نے بعض مقامات پر ڈرون حملے بھی کیے ہیں۔ حالیہ حملوں میں دور مار راکٹ بھی استعمال کیے گئے ہیں۔

کُکی کمیونٹی کے مسلح افراد نے اس سے قبل ریاست کے سابق وزیرِاعلٰی مائیریماام کوئرینگ سنگھ کی رہائش گاہ کو بھی راکٹوں سے نشانہ بنایا تھا۔ ریاستی پولیس نے فورسز کے ساتھ مل کر منی پور کے کئی علاقوں میں کامبنگ آپریشن کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں شدت پسندی مزید بڑھ رہی ہے۔ بڑے پیمانے پر کامبنگ اور سرچ آپریشن سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

ہزاروں افراد اپنے ہی ملک اور اپنی ہی ریاست میں پناہ گزینوں کی سی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ مودی سرکار اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے منی پور اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں میں انتہا پسندی کو فروغ دے رہی ہے۔

مودی سرکار منی پور میں حالات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور مسلح افراد اب ریاستی مشینری کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر بھی منی پور فسادات کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں :

بھارت: منی پور میں پھر سے نسلی فسادات نے سر اٹھا لیا

بھارت جل رہا ہے، ہریانہ اور منی پور پر آرون دھتی رائے بول اٹھیں

منی پور تشدد پر خاموشی، بھارتی اخبار کا مگرمچھوں کی 79 تصاویر چھاپ کر مودی پر طنز

Militancy

Manipur

IMPHAL

INTER TRIBE CLASHES

DRONE AND ROCKET ATTACKS